بھینسہ :پولیس چھاؤنی میں درگا نمرجن جلوس

   

وسیع صیانتی انتظامات کے باوجود اشتعال انگیز نعرے بازی اور رقص
بھینسہ 13/اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ میں درگادیوی نمرجن جلوس کا آغاز پْرانا بازار علاقہ اور آئی بی گیسٹ کے روبرو واقع درگامورتیوں کی صبح کے اوقات میں پوجا کے بعد عمل میں آیا ۔ جس میں رکن اسمبلی پی راما راؤ پٹیل اور ہندو اتسو کمیٹی کے ذمہ داران کے علاوہ ضلع نرمل ایس پی جانکی شرمیلا آئی پی ایس ، بھینسہ اے ایس پی اویناش کمار آئی پی ایس ، ٹاؤن سی آئی گوپی ناتھ و دیگر موجود تھے ۔جلوس گذرنے والے راستوں پر موجود مساجد اور شہید ٹیپوسلطان کے علاوہ مولانا آزاد کی تصاویر کو عارضی و احتیاطی طور پر کپڑوں سے ڈھانک دیا گیا ۔ جبکہ حساس علاقہ پنجہ شاہ سہہ رہا اور مارکیٹ ایریا و دیگر مسلم اکثریتی علاقوں کی لکڑیوں کے ذریعہ ناکہ بندی کردی گئی اور پنجہ شاہ سہہ راہا پر پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کرتے ہوئے علاقہ کو مکمل طور پر پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا جہاں تقریبا شام پانچ بجے جلوس پہنچا جس میں ساونڈ سسٹم باکسس استعمال کرتے ہوئے ہزاروں جلوسی ہاتھوں میں نریندر مودی ، بنڈی سنجے ، یوگی آدتیہ ناتھ اور ملعون راجہ سنگھ کی تصاویر لیکر رقصں کرتے دیکھے گئے اور اشتعال انگیز نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ پنجہ شاہ سہہ راہا پر ضلع نرمل ایس پی جانکی شرمیلا کی نگرانی میں ڈرون کیمروں ، وجرا گاڑی کو متعین رکھا گیا جلوس کے پیش نظر نرمل ضلع ایس پی جانکی شرمیلا کی نگرانی میں بھینسہ اے ایس پی اویناش کمار کے علاوہ ایک ڈی ایس پی ، چار سرکل انسپکٹران ، سات سب انسپکٹران کے علاوہ اے ایس آئیز ، ہیڈ کانسٹیبل ، پولیس کانسٹیبل ، خواتین پولیس پر مشتمل جملہ دو سو پچاس پولیس عملہ کو بندوبست میں متعین کیا گیا شہر کے مختلف علاقوں میں نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعہ جلوس کی ویڈیو گرافی بھی کی گئی جبکہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی و کاروباری اداروں کو دوپہر کے اوقات میں پولیس نے بند کروا دیا اور بڑے پیمانے پر پولیس طلایہ گردی جاری تھی تادم تحریر بھینسہ میں درگا وسرجن جلوس جاری ہے۔