بھینسہ ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بھینسہ شہر کی مصروف ترین و اہم شاہراہ جو نرمل چوراستہ سے اولڈ پوسٹ آفس تک کی توسیع ، تعمیر و ترقی کاموں کے لیے محکمہ آر اینڈ بی ، محکمہ مال ، محکمہ بلدیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے قطعی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ آج سرکاری مشنری جس میں آر اینڈ بی رویندر ریڈی ، محکمہ مال آر ڈی او ای راجو ، تحصیلدار نرسیا ، ڈپٹی تحصیلدار رام چندر ، محکمہ بلدیہ کمشنر محمد عبدالقدیر و عملہ اور محکمہ پولیس ٹاون سرکل انسپکٹر وینوگوپال راؤ ، سب انسپکٹر وشنو پرکاش و عملہ نے شہر کے اولڈ پوسٹ آفس نزد مولاناآزاد چوک سے اہم سڑک کی ڈیوائیڈر سے 40 فٹ تک کی نشاندہی کرتے ہوئے مارکنگ کررہے ہیں اور ڈیوائیڈر کے دونوں جانب 40 ، 40 فٹ کے حدود میں تعمیر کردہ ملگیات اور ٹھیلہ بنڈیوں کے علاوہ ٹین شیٹوں کو برخاست کرنے کے لیے کل تک کا وقت فراہم کررہے ہیں ۔ اس موقع پر بھینسہ آر اینڈ بی ڈی ای رویندر ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ شہر میں نرمل چوراستہ سے اولڈ پوسٹ آفس روڈ کی تعمیر و ترقی کے لیے کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں 2 مارچ کو اس سڑک پر موجود تمام کاروباری دکانوں کو نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ کیوں کہ ماسٹر پلان کے تحت مذکورہ سڑک مکمل 80 فٹ ہے اور ڈیوائیڈر کے دونوں جانب 40 ، 40 فٹ کا پلان ہے اس پلان کے تحت غیر مجاز قابضین ، دکانوں کی سیڑھیاں اور ٹین شیڈس کو برخاست کرنے کے لیے قطعی نشاندہی کرتے ہوئے کل یعنی بروز اتوار صبح 10 بجے تک کا موقع فراہم کیا جارہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کے روز صبح 10 بجے سے مشینوں ، جے سی بی کو لگاکر تمام غیر مجاز قابضین کو برخاست کرنے کے لیے سرکاری مشنری اقدامات کرے گی اور بعد ازاں مذکورہ سڑک کو ڈیوائیڈر کے دونوں جانب 25 ، 25 فٹ محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے ترقی و تعمیراتی کام انجام دئیے جائیں گے ۔ جب کہ بقیہ 15 ، 15 فٹ دونوں جانب محکمہ بلدیہ کی جانب سے پارکنگ ٹائیٹلس اور دیگر ترقیاتی کام انجام دئیے جائیں گے ۔ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے بجٹ بھی منظور ہوچکا ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ سڑک کی ترقی و تعمیر کے لیے دونوں جانب موجود کاروباری و تجارتی عوام سرکاری مشنری کا تعاون کرتے ہوئے بغیر کسی اعتراض کے اپنے اپنے ٹین شیڈ ، ٹھیلہ بنڈیوں کو کھولتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں ۔ اس دوران ضلع نرمل کلکٹر مشرف علی فاروقی نے اچانک بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا مکمل جائزہ لیا ۔۔