٭جی کشن ریڈی سے رپورٹ طلب ، حالت کنٹرول میں ، وائی فائی خدمات منقطع
٭ عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں‘کے ٹی آر کا مشورہ دیا ، حالت قابو میں محمد محمود علی کا دعویٰ
حیدرآباد : بھینسہ میں کل پیش آئے پُرتشدد واقعات کے بعد آج حالت پُرسکون ہے لیکن پولیس کی جانب سے 144 سیکشن نافذ کرتے ہوئے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈرون کیمروں کے ذریعہ حالت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ تشدد میں ملوث ہونے والوں کی بھی گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھینسہ کے تشدد پر مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کو فون کرتے ہوئے حالت سے واقفیت حاصل کی ہے ۔ جی کشن ریڈی نے بھینسہ تشدد کے واقعہ سے امیت شاہ کو واقف کرایا ہے اور ایک تفصیلی رپورٹ دہلی کو روانہ کی ہے ۔ امیت شاہ نے حالت کو مزید بگڑنے سے روکنے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور انہیں وقفہ وقفہ سے تازہ حالت سے واقف کرانے کی ہدایت دی ہے ۔ پولیس کی جانب سے بھینسہ شہر میں وائی فائی خدمات کو منقطع کردیا گیا ہے ۔ جن مقامات پر تشدد برپا ہوا ہے وہاں کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور وائرل ویڈیوز کا جائزہ لیتے ہوئے تشدد میں ملوث رہنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے بھینسہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو حکومت ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔ امن و امان سے ہی سماج کی ترقی ممکن ہے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی کو ایک ٹیوٹ کرتے ہوئے بھینسہ میں تشدد برپا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیا ہے ۔ ساتھ ہی عوام بالخصوص بھینسہ کے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ افواہوں پر ہرگز توجہ نہ دیں ۔ لاء اینڈر آرڈر کی برقراری کے معاملے میں حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ حکومت سارے واقعہ پر نظر رکھی ہوئی ہے ۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کے ٹی آر کے ٹویٹ پر جوابی ٹیوٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھینسہ شہر میں حالت پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ تشدد میں زخمی ہونے والوں کا موثر علاج کیا جارہا ہے ۔ شرپسند افراد کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جارہی ہے ۔ پولیس کی جمعیت میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ حالت پر پوری طرح نظر رکھی گئی ہے ۔ اتوار کی شب کو ہی وہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی سے تازہ حالت پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ لاء اینڈر آڈر کے معاملہ میں حکومت سخت فیصلے کرے گی ۔ ابھی حالت پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ انہوں نے مقامی عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ امن کی بحالی مقامی پولیس اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں ۔