بھینسہ17اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہرکووڈ۔ 19 کی وجہ سے ریڈزون (ہاٹ اسپاٹ) میں تبدیل ہونے پر ضلع کلکٹر مشرف علی فاروقی خصوصی نظررکھتے ہوئے روزانہ دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ آج صبح بھینسہ کے کچھ علاقوں میں عوام کی چہل پہل ، موٹرسیکلوں کی گشت اوردکانوںکوبحال دیکھ کرکلکٹر نے پولیس عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور بھینسہ ڈی ایس پی نرسنگ راؤ سے بات چیت کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی سختی سے عمل آوری کیلئے متحرک انداز میں خدمات انجام دینے کیلئے زور دیا اور سرکاری مشنری کو چوکس رہتے ہوئے کورونا وائرس پرقابو پانے کی ہدایت دی ۔ جس پر بھینسہ پولیس نے مختلف محلوں میں غیرضروری موٹرسیکلوں پرگشت کرنے والوں کی موٹرسیکلوںکو ٹریکٹروں میں بھرکر پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے ضبط کرلیا ۔ صبح کے اوقات میں محکمہ فائیرعملہ کی جانب سے فائیرانجن کے ذریعہ پانی میں سوڈیم ہائپوکلورائیڈ ملاکر بھینسہ کے تمام محلوں میں چھڑکاؤکیاگیا ۔ واضح رہے کہ بھینسہ میں پانچ افرادبشمول 18ماہ کا معصوم بچہ کورونا مثبت پائے گئے ہیں جسکی وجہ سے سرکاری مشنری متحرک انداز میں خدمات انجام دیتے ہوئے شہرکے مختلف مقامات اورمحلوں کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے۔