بھینسہ گنیش جلوس کے دوران پولیس چھاؤنی میں تبدیل

   

ڈی جے ، متنازعہ گیت اور اشتعال انگیز نعرے کا آزادانہ استعمال

بھینسہ ۔ 26 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بھینسہ شہر میں گنیش تہوار اور وسرجن جلوس کے پْرامن اختتام کیلئے ریاست تلنگانہ کی سرکاری مشنری بلخصوص محکمہ پولیس خصوصی اور کڑی نظر مرکوز کی ہوئے ہے کیونکہ بھینسہ ایک حساس مقام تصور کیا جاتا ہے جہاں گنیش وسرجن جلوس جاری ہے ۔ گاندھی گنج کی گنیش مورتی کا رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی اور دیگر بی آر ایس قائدین نے بلدیہ دفتر کے روبرو استقبال کرتے ہوئے رقص کیا ۔ ضلع نرمل ایس پی سی ایچ پراوین کمار کی نگرانی میں پولیس نے سخت بندوبست کرتے ہوئے دو زونس اور چھ پولیس سیکٹر ، چھ پٹرولنگ ٹیمیں ، موبائل ٹیموں کے علاوہ وجرا گاڑی ، ڈاک اسکواڈ ، بم اسکواڈ کے علاوہ چار اے ایس پیز ، چار ڈی ایس پیز ، پندرہ سرکل انسپکٹران ، 45 سب انسپکٹران کے بشمول چھ سو سے زائد پولیس عملہ اور سادہ لباس پولیس اور خواتین پولیس کو متعین کرتے ہوئے شہر کو مکمل طور پر پولیس چھاؤنی میں تبدیل کرتے ہوئے مسلم اکثریتی محلوں کی لکڑیوں کے ذریعہ ناکہ بندی کی گئی اور فائر انجن گاڑیوں کو بھی متحرک رکھا گیا جبکہ گنیش جلوس گذرنے والے راستوں پر موجود مساجد اور مسلم مجاہدین آزادی کے قائدین کی تصاویر کو عارضی اور احتیاطی طور پر کپڑوں سے ڈھانک دیا گیا ۔ حساس مقام پنجہ شاہ سہہ راہا پر ضلع ایس پی سی ایچ پراوین کمار ، ایڈیشنل ایس پی کانتی لال سبھاش پاٹل نے ڈرون کیمروں کو فضاؤں میں اُڑاتے ہوئے شہر کے حالات کا مشاہدہ کیا ۔ مسجد پنجہ شاہ انتظامی کمیٹی کی جانب سے اس علاقے میں تعینات پولیس عملہ کے لئے پھلوں اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا ۔ جلوس کے دوران ڈی جے ساؤنڈ کا آزادانہ استعمال دیکھا گیا ۔ متنازعہ گیت اور اشتعال انگیز نعرے بازی کرتے ہوئے جلوسی ہاتھوں میں زعفرانی پرچم تھامے ہوئے رقص کرتے دیکھے گئے جبکہ جلوس کے دوران آتش بازی بھی دیکھی گئی۔ جلوس کے دوران ضلع عادل آباد رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ اپنے حامیوں کے ہمراہ شہر میں گشت کرتے دیکھے گئے ۔ اس دوران ایم پی کے حامی و بی جے پی قائدین زبردست نعرے بازی کرتے دیکھے گئے ۔ نمرجن پوائنٹ گڈنا واگو پراجکٹ پر بلدیہ کی جانب سے دو کرین مشین اور وسرجن جلوس کے راستوں پر برقی کے لیے جنریٹر لگائے گئے تادم تحریر بھینسہ میں گنیش جلوس جاری ہے۔