بھینڈی بازار میں عمارت کا حصہ منہدم

   

ممبئی, 11ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )عروس البلاد ممبئی کے گنجان مسلم آبادی والے علاقہ بھنڈی بازار کے میمن واڑہ روڈ پر ایک چار منزلہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا جس میں تادم تحریر کسی کے ہلاک ہونے یا زخمی ہونے کی اطلاع موصل نہیں ہوئی ہے ۔فائر بریگیڈ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق میمن واڑہ میں واقع یوسف چال کا ایک حصہ منہدم ہو گیا تھا جس سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی ۔ بلڈنگ کے اطراف کے علاقوں سے ہی آج عاشورہ کا جلوس نکالا جا رہا تھا اور علاقہ میں گہما گہمی تھی ۔ سانحہ کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں جہاں اس نے ملبہ سے 14افراد کو بحفاظت نکالنے میں کامیابی حاصل کی جبکہ ابھی بھی 2 افراد کے ملبہ میں پھنسے رہنے کی اطلاع ہیں اور احتی کام جاری ہیں ۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ واضح رہے کہ پچھلے مہینہ ہی ڈونگری میں ایک عمارت گر جانے کی وجہ سے 15لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور 13لوگ زخمی ہو گئے تھے ۔ عمارت گرنے پر اپنے شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے عاشقان رسول اکیڈمی کے صدر حاجی حقیق اللہ نے کہا کہ یہاں لوڈ بیئرنگ کی عمارتیں زوروں پر تعمیر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ایک روز قبل ہی چنچ بندر میں زیر تعمیر عمارت کا سلیب گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور ایک شخص شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ حاجی حقیق اللہ نے شکایتی انداز میں کہا کہ یہاں کے رکن اسمبلی اور میونسپل کارپوریٹر کیا کر رہے ہیں کہ ایسے حادثات ہو رہے ہیں ۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اس طرح سے لوگوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے اور مقامی رکن اسمبلی اور میونسپل کارپوریٹر خاموش ہیں۔