31 افراد کو بچالیا گیا ، 20 افراد پھنسے ہونے کا اندیشہ۔46 سال قدیم عمارت مخدوش ہوگئی تھی
ممبئی : مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی کے قریب ضلع تھانے میں پاورلوم کیلئے مشہور بھیونڈی شہر میں ایک 46سال قدیم عمارت کے منہدم ہونے کی وجہ سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ این ڈی آرایف کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور ایک بچے سمیت 31 افراد کوملبے سے نکال کربچالیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پٹیل کمپاؤنڈ کے علاقے میں عمارت کے ملبے سے پھنسے مکینوں کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔آج صبح سویرے 3:40 پر عمارت کے گرنے کے بعد مقامی لوگوں کے ذریعہ کم از کم 31افراد کو بچایا گیا۔تھانہ میونسپل کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق بھیونڈی میں عمارت گرنے کے واقعے میں اموات کی تعداد دس ہوگئی ہے جس کے بڑھنے کا خدشہ ہے ۔آر ڈی ایم سی کے سربراہ سنتوش کدم نے بتایا کہ دھمانکر ناکہ کے قریب نرپولی کے پٹیل کیمپس میں واقع G+3 عمارت منہدم ہو گئی۔ اس وقت لوگ عمارت میں سو رہے تھے ۔ کدم نے بتایا کہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور متعدد افراد ملبہ میں دب گئے ۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این آر ڈی ایف) کی ایک ٹیم موقع پرپہنچنے کے بعد فوری طور پر بچاؤ کام شروع کردیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تھانہ کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما کی ہدایت پر ٹی ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو بھی امدادی کارروائیوں کیلئے موقع پر بھیجا گیا ہے ۔ٹی ڈی آر ایف کی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور ایک لڑکے کو ملبہ سے زندہ نکال لیا۔ دیگر ذرائع کے مطابق، حادثے میں اب تک 10 لوگوں کی موت کی خبر ہے۔ ملبے میں دبے باقی 20 لوگوں کیلئے راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔تھانے میونسپل کارپوریشن کے پی آر او نے بتایا کہ حادثہ کے وقت عمارت میں مقیم لوگ گہری نیند میں تھے۔ ابھی تک ملبے سے 10 لوگوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ باقی لوگوں کی تلاش جاری ہے۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کے مطابق، 1984 میں بنے جیلانی اپارٹمنٹ، مکان نمبر 69 نامی عمارت کا نصف حصہ دیر رات منہدم ہو گیا۔ یہ عمارت خطرے کی فہرست میں تھی۔ اسے خالی کرنے کے لئے نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ نوٹس ملنے کے بعد کچھ لوگ تو یہاں سے چلے گئے مگر کچھ لوگ یہیں رہ رہے تھے۔بتایا جا رہا ہے کہ ممبئی میں پچھلے دنوں ہوئی بھاری بارش کی وجہ سے عمارت کمزور ہو چکی تھی۔ اس عمارت میں 21 کنبے رہتے تھے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم نے پیر کی صبح ملبے سے ایک بچے کو بہ حفاظت نکال لیا۔
صدر اور وزیراعظم کا اظہار رنج
صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے بھیوندی میں عمارت منہدم ہونے کے واقعہ میں جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ بچاؤ اور راحت کاری کاموں میں تساہل نہیں ہونا چاہئے ۔ مرکزی ایجنسیوں سے جو کچھ مدد درکار ہو ، حاصل کی جائے ۔ انھوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمنا ظاہر کی ۔