بہادرپورہ علاقہ میں گندگی کا انبار ، صحت و صفائی پر عدم توجہ

   

وائرس کے بعد کنٹینمنٹ زون ، عہدیداروں کی پہلوتہی سے سارے مکین پریشان حال

حیدرآباد /25 اپریل ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ بہادرپورہ میں عوام ان دنوں بے پناہ مسائل کا شکار ہیں ۔ اس علاقہ کے بلدی مسائل کی یکسوئی میں واٹر بورڈ کے عہدیدار مسلسل لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ مقامی عوام کا الزام ہے کہ بلدی مسائل کی یکسوئی بالخصوص واٹر بورڈ سے جڑے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے رقم ادا کرنی پڑتی ہے اور بغیر رقمی ادائیگی مسئلہ کا حل ممکن نہیں ۔ اب جبکہ رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ایسی صورت میں علاقہ میں گندگی، صحت اور صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ بہادرپورہ کے علاقہ رنمست پورہ میں کوویڈ 19 سے متاثرہ خاتون کی موت کے بعد اس علاقہ میں چوکسی اختیار کی جارہی ہیں اور اس علاقہ کو کنٹینمنٹ بھی قرار دیا گیا باوجود اس کے اس علاقہ میں اس طرح کا سنگین مسئلہ پر توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس علاقہ میں تقریباً ایک ماہ سے ڈرینج اور فلو کا مسئلہ بتایا جاتا ہے ۔ وارٹر بورڈ کے متعلقہ عہدیداروں کی مجرمانہ غفلت اس علاقہ کی عوام کی زندگیوں کی تباہی کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ افسوس کہ اس مسئلہ کی یکسوئی میں مقامی نمائندہ بھی بے بسی کا شکار ہے ۔ ایک شہری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایشوریہ اور قادر نامی دو عہدیداروں نے مبینہ طور پر ایک ماہ سے ٹال مٹول کر رہے ہیں جبکہ اس علاقہ میں دیگر کسی بھی مسئلہ جو صاحب استطاعت ہے ان کے مسائل فوری حل ہوجاتے ہیں ۔ شہری زندگی میں بلدی مسائل کی یکسوئی پر سرکاری عہدیداروں کا یہ رویہ حکومت کے دعوؤں کو کھوکلا ثابت کرتا ہے ۔ ارباب مجاز کو چاہئے کہ وہ ایسے مسائل کی یکسوئی کیلئے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے عوام کو راحت پہونچائیں ۔