حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر میں قتل کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ آئے دن شہر کے کسی نہ کسی علاقہ میں قتل کی واردات پیش آرہی ہے ۔ مشیرآباد میرچوک اور بہادرپورہ کے بعد آج بہادرپورہ حدود میں ایک اور قتل کی واردات پیش آئی ۔ بہنوائی کے ہاتھوں برادر نسبتی کے قتل کی اس واردات سے پرانے شہر میں سنسنی پھیل گئی ۔ خاندانی جھگڑے کو اس قتل کی اصل وجہ قرار دیا جارہا ہے ۔ کشن باغ کے علاقہ میں آج 35 سالہ رشید نامی شخص کا قتل کردیا گیا ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر پولیس راگھوناتھ نے بتایا کہ رشید پر اس کے بہنوائی شکیل احمد نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا ۔ رشید پیشہ سے بزنس مین تھا جو اسد بابا نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ انسپکٹر پولیس نے بتایا کہ ان کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے ۔ شکیل اس کی بیوی پر شک کرتے ہوئے اسے ہراساں کرتا تھا اور اذیت پہونچاتا تھا ۔ اس بات پر برہم خاتون کے بھائی رشید نے اپنے بہنوائی سے جھگڑا کیا اور دونوں میں تنازعہ چل رہا تھا ۔ آج صبح کے اوقات میں رشید پر شکیل نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ بہادرپورہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع