پلواما حملے کے شہید سپاہیوں کو خراج عقیدت ، مودی اور راہول کا خراج
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر میں فبروری 2019ء کو پلواما دہشت گرد حملہ میں شہید سپاہیوں کو خراج پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی ۔ کوئی بھی ہندوستانی اس دن کو نہیں بھول سکتا ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری فوج اور مسلح افواج نے قوم کے حوصلے بلند کئے ہیں ۔ چینائی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن کی حفاظت کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی پلواما شہیدوں کو خراج پیش کیا ۔ 14فبروری 2019ء کو پلواما میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے سی آر پی ایف کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس میں 40جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ چینائی میں ایک تقریب کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے عصری اسلحہ سے تیار کردہ ارجن ٹینک کو بھی فورس کے حوالے کردیا ۔ اس ٹینک کو ہندوستان میں ڈیزائن اور تیار کیا گیا ۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پلواما حملہ میں شہید بہادر فوجیوں کو میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے ارکان خاندان کو سلیوٹ کرتا ہوں ۔ یہ ملک آپ کا مرہون منت ہے ۔ وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے بھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرحد کی حفاظت کے لئے ارجن ٹینک کو ملک کے لئے وقف کرنے پر فخر محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو میں تیار کیا گیا یہ ٹینک ہمارے شمالی ہندوستان کی سرحد کی حفاظت کے لئے استعمال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہماری متحد فطرت اور جذبوں کی عکاسی کرتا ہے ‘‘ ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ملک اپنی مسلح افواج کو دنیا کی جدید ترین قوت بنانے کا کام جاری رکھے گا۔یہ منصوبے ہمارے شہریوں کے لئے ‘ ایز آف لیونگ ’ کو فروغ دیں گے ‘‘ ۔