حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) مغلیہ سلطنت کے آخری فرمانروا بہادر شاہ ظفر کو بھلے ہی ہندوستانیوں نے فراموش کردیا ہو لیکن ان کے سکے اور ان کی مہر آج بھی قیمتی برقرار ہے۔ تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے اور تاریخی سکوں کے شوقین اور ماہرین مغلیہ دور حکومت کے سکوں میں آج بھی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ لندن میں بہادر شاہ ظفر کی 1839 کا سونے کا مہر 571500 پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔ یہ رقم تقریباً 6.8 کروڑ ہندوستانی روپے ہوتی ہے۔ اسپنگ آکشن نامی ادارہ نے بہادر شاہ ظفر کے طلائی مہر کا ہراج کیا تھا۔ یہ ادارہ 350 سال کی تاریخ رکھتا ہے اور دنیا بھر کے ایک معتبر نیلام گھروں میں شامل ہے۔ بہادر شاہ ظفر نے 28 ستمبر 1837 کو تخت سنبھالا اور وہ 21 ستمبر 1857 تک اقتدار میں رہے۔ وہ ایک بادشاہ کے ساتھ ساتھ شاعر، صوفی اور مجاہد آزادی تھے۔ انہوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف بغاوت کی تھی۔ انگریز سامراج میں بہادر شاہ ظفر کے بیٹوں کو قتل کردیا تھا۔ بہادر شاہ ظفر کو برما کے رنگون میں قید کردیا گیا تھا۔ 7 نومبر 1862 کو ان کی وفات ہوئی۔ لندن میں مغلیہ دور حکومت کے کئی نوادرات موجود ہیں جن کا وقتاً فوقتاً ہراج کیا جاتا ہے۔ 1