بہادر پورہ تا شیورام پلی سڑک کی حالت انتہائی ابتر

   

فلائی اوور کی تعمیر سے کئی رکاوٹیں ، سڑکوں کی مرمت پر فوری توجہ کی ضرورت

حیدرآباد۔6فروری(سیاست نیوز) بہادرپورہ سے شیورام پلی تک تعمیر کئے جانے والے حیدرآباد کے دوسرے طویل ترین فلائی اوور برج کی تعمیر مارچ2023 تک مکمل کرلی جائے گی! چیف سیکریٹری تلنگانہ مسٹر سومیش کمار نے بہادر پورہ فلائی اوور برج کے تعمیری کامو ںکا معائنہ کرنے کے بعد یہ ہدایات جاری کی تھی ۔ اندرون ایک سال برج کی تعمیر کے کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں لیکن برج کی تعمیر کے لئے جاری سرگرمیوں کے دوران بہادرپورہ سے حسن نگر ‘ راگھویندرا کالونی اور شاستری پورم سڑک کی حالت انتہائی ابترہوچکی ہے اور برج کے کاموں کی تکمیل تک اس مصروف ترین گذرگاہ کا استعمال کرنے والوں کو انتہائی ابتر حالت کا شکار سڑک کے استعمال کیلئے مجبور نہیں کیا جاسکتا اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکو برج کے تعمیری کاموں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس مصروف ترین سڑک کو بہتر بنانے کے اقدامات شروع کرنے چاہئے کیونکہ برج کی تعمیر کی تکمیل کے لئے ابھی 13ماہ کا وقت دیا گیا ہے لیکن برج کی تعمیر مکمل ہونے تک اس سڑک کا استعمال کیا جانا راہگیروں کے لئے انتہائی دشوار کن ہے ۔ بہادر پورہ اور شاستری پورم کے علاوہ حسن نگر کے شہریوں نے بتایا کہ برج کی تعمیر کے بعد کافی مسائل حل ہونے کے قوی امکانات ہیں اور ٹریفک کا مسئلہ حل ہونے کے ساتھ ساتھ علاقہ کی ترقی میں اہم پیشرفت ہوگی لیکن اب سڑک کی جو حالت ہوچکی ہے وہ انہتائی ناگفتہ بہ ہے اسی لئے انہیں سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ حسن نگر کے مکین جو مختلف علاقوں سے حسن نگر پہنچنے کے لئے اسی سڑک کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان کا کہناہے کہ بہادرپورہ سے حسن نگر کے درمیان سڑکوں کی حالت اوربرج کے تعمیری کاموں کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اگر عہدیدارو ںکی جانب سے سڑکوں کو درست کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں حادثات میں کمی کے ساتھ ٹریفک کے گذرنے میں حائل ہونے والی رکاوٹیں بھی دور ہونے لگ جائیں گی ۔م
شاستری پورم کے مکینوں کی جانب سے بھی اس سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے اس مصروف ترین سڑک کی حالت کو بہتر بنانے کی خواہش کرتے ہوئے عہدیداروں اور منتخبہ عوامی نمائندو ںکو بھی متوجہ کروایا جاچکا ہے۔