آر ٹی سی بسوں کو تحدیدات سے مستثنیٰ رکھنے پولیس سے اولیائے طلباء کا زور
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : بہادر پورہ فلائی اوور کی تعمیر کے سلسلہ میں مصروف ترین قومی شاہراہ 44 ، بنگلور ہائی وے پر سائبر آباد پولیس کی جانب سے عائد کئے گئے ٹریفک تحدیدات کی وجہ آرام گھر تا پرانا پل سڑک کے کنارے دونوں جانب واقع مختلف کالونیز اور محلہ جات میں رہنے والے طلبہ اور اولیائے طلباء کے لیے مشکل پیدا ہوگئی ہے ۔ بہادر پورہ پر اور زو پارک تا آرام گھر تعمیر کئے جارہے دو بریجس کے باعث سائبر آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری میں اس روٹ پر بڑی گاڑیوں جیسے گڈس کیرئیرس ، کنٹینرس ، آر ٹی سی بسوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ اس کی وجہ اولیائے طلبہ کے لیے مسئلہ پیدا ہوگیا ہے کیوں کہ آر ٹی سی بسیس جس کے ذریعہ ان کے بچے اسکول جاتے ہیں ، تحدیدات کے باعث اب کم از کم تین ماہ تک دستیاب نہیں ہوں گی ۔ سکندرآباد علاقہ میں کام کرنے والے شیورام پلی کے ساکن ایک شخص رمیش نے کہا کہ ’ دو سال کے طویل وقفہ کے بعد اسکولوں کی پوری طرح دوبارہ کشادگی صرف اس ماہ میں ہوئی ہے اور ایسے میں ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی ہیں ۔ مجھے میرے آفس پہنچنے کے لیے کم از کم ایک گھنٹہ ہوتا تھا ۔ میں عام طور پر صبح جلد سفر کرتا ہوں ۔ میرے اسکول جانے والے بچوں کو چھوڑتے ہوئے آفس جاتا ہوں اور شیورام پلی بس اسٹاپ سے آر ٹی سی بسوں میں سفر کرتا ہوں اور پوری طرح ان پر انحصار کرتا ہوں ۔ لیکن اب بسوں کی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ، میں کوئی راہ نہیں نکال پارہا ہوں ۔ آٹو ڈرائیورس اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ کرایہ وصول کریں گے ۔ اس کے لیے واحد راستہ یہ ہے کہ پولیس آر ٹی سی بسوں کو تحدیدات سے مستثنیٰ کردے ۔ آرام گھر تا پرانا پل بنگلور ہائی وے پر دونوں جانب سینکڑوں کالونیز ہیں اور ہر روز ان علاقوں سے طلبہ کی بڑی تعداد آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ اسکولس پہنچتی ہے ۔ اس کے علاوہ ٹریفک تحدیدات سے چھوٹے بیوپاریوں پر بھی منفی اثر ہوا ہے جو ہر روز ترکاری لانے اور اسے ان کی کالونیز میں فروخت کرنے کے لیے شمس آباد جایا کرتے تھے ۔ چونکہ اب آر ٹی سی بسیس کم از کم تین ماہ تک دستیاب نہیں ہوں گی ۔ اس لیے انہیں ترکاریاں لانے کے لیے زیادہ تر سیون سیٹر آٹوز پر انحصار کرنا پڑے گا ۔ اس دوران یہ دیکھا گیا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے تحدیدات کے پہلے دن ٹریفک کی آمد و رفت پر پابندی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے کیوں کہ ہیوی گاڑیوں کو پرانا پل تا آرام گھر جاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ بڑی گاڑیوں جیسے گڈس کیرئیرس ، لاریوں ، کنٹینرس ، آر ٹی سی بسوں کو معمول کے مطابق مصروف بنگلور ہائی وے سڑک سے گذرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ ربط کرنے پر سرکل انسپکٹر ٹریفک پولیس راجندر نگر شیام سندر ریڈی نے کہا کہ اگرچیکہ سائبر آباد پولیس نے مصروف ترین قومی شاہراہ 44 پر فلائی اوورس کی تعمیر ہونے کی وجہ 15 نومبر سے گاڑیوں کی آمد و رفت پر تحدیدات عائد کرتے ہوئے ایک ٹریفک ایڈوائزری جاری کیا ہے تاہم آرام گھر تا پرانا پل سڑک پر ٹریفک تحدیدات پر عمل کے لیے انتظامات کرنے مزید دو تین دن درکار ہوں گے ۔۔
