آرام گھر تا زو پارک 6 لائن فلائی اوور، چیف سکریٹری سومیش کمار نے اچانک معائنہ کیا
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بہادر پورہ فلائی اوور اور آرام گڑھ تا زو پارک 4.08 کیلو میٹر فلائی اوور کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے عاجلانہ طور پر مکمل کیا جائے۔ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت یہ فلائی اوورس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ طئے شدہ منصوبہ سے قبل ہی تعمیر مکمل کرنے کیلئے ضروری قدم اٹھائیں۔ چیف سکریٹری نے بہادر پورہ جنکشن پر جاری تعمیراتی کاموں کا آج اچانک دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، انجینئرنگ انچیف ضیاء الدین، پراجکٹ کے چیف انجینئر دیو آنند اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ 69 کروڑ کے خرچ سے 690 میٹر طویل بہادر پورہ فلائی اوور کی تعمیر کا کام مارچ تک مکمل ہوجانا چاہیئے۔ اسی طرح حیدرآباد میں پرانے شہر کے عوام کیلئے اہمیت کے حامل آرام گھر تا زو پارک تک تعمیر کئے جانے والے فلائی اوور کا کام مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے۔ اس فلائی اوور سے نہرو زوالوجیکل پارک آنے والے افراد کو بھی سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آرام گھر تا زو پارک فلائی اوور کی تعمیر کیلئے جملہ 163 جائیدادیں حاصل کی جاچکی ہیں جبکہ بعض مزید جائیدادوں کا حصول باقی ہے۔ جائیدادوں کے حصول میں تاخیر کے نتیجہ میں کام کی رفتار سست ہوئی ہے۔ انجینئرس نے چیف سکریٹری کو جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف سکریٹری نے اس کام میں تیزی پیدا کرتے ہوئے فلائی اوور کا کام جلد پورا کرنے کی ہدایت دی۔ آرام گھر تا زو پارک 6 لائن کی سڑک پر مشتمل فلائی اوور کی تعمیر کسی رکاوٹ کے بغیر تکمیل کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر چارمینار کے زونل کمشنر اشوک سمراٹ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر