بہار:تنشک جیولری شوروم میں 25 کروڑ کی ڈکیتی

,

   

11 بجے دن گن پوائنٹ پر سنگین واردات۔ پولیس کارروائی کے بعد 70 فیصد زیورات برآمد

پٹنہ : بہار کے آرا ضلع میں پیر کے روز ایک سنسنی خیز ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، جہاں بدمعاشوں نے تنشک جیولری کی دکان سے 25 کروڑ روپے کے زیورات لوٹ لیے۔ یہ واردات 11 بجے دن گوپالی چوک پر پیش آئی، جب 6 مسلح ڈاکو گن پوائنٹ پر دکان کے ملازمین کو یرغمال بنا کر شٹر بند کر دیا اور صرف 30 منٹ میں زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ حیران کن طور پر، ڈکیتی کے دوران پولیس کو 30 بار مدد کے لیے کال کی گئی لیکن کوئی مدد نہیں ملی۔واقعہ کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر چار مجرموں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ راج نے بتایا کہ اب تک 70 فیصد چوری شدہ زیورات برآمد کر لیے گئے ہیں اور جلد ہی تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے لوٹے گئے زیورات سے بھرے دو تھیلے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ڈکیتی کی پوری واردات سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گئی، جس کے بعد شہریوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ واردات کے فوراً بعد پولیس نے شہر بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی اور چیکنگ بڑھا دی ہے۔