نعش کو جلادیا گیا۔ بکسر میں دل دہلادینے والا واقعہ
پٹنہ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہارکے بکسرمیں دل دہلا دینے والا سانحہ رونما ہوا ۔ یہاں ایک لڑکی کی پہلے آبروریزی کی گئی پھر اس کا قتل کرکے نعش کوجلا دیا گیا۔ حادثہ بکسرکے اٹاڈھی تھانہ علاقے کا ہے۔ لڑکی کی نعش اٹاڈھی تھانہ کے ککوڈھا بدھارسے ملی۔ لڑکی کی لاش کو پولیس نے نصف جلی ہوئی حالت میں برآمد کیا ہے۔ مقتول لڑکی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق لڑکی کی پہلے آبروریزی کی گئی اوراس کے بعد اسے قریب سے گولی ماردی گئی۔ لڑکی کی موت بعد نعش کوجلانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے لڑکی کی نصف جلی لاش کوبرآمد کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق لڑکی کوجلانے سے پہلے اسے گولی ماری گئی ہے، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ پولیس کوجائے حادثہ سے ایک خالی کارتوس بھی ملا ہے۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہیکہ حادثہ 24 گھنٹے کے اندرکا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حیدرآباد میں ایک خاتون وٹرنری ڈاکٹرکی اجتماعی آبروریزی کے بعد گلا دباکرقتل کردیا گیا تھا۔ بعد میں قاتلوں نے گناہ کے ثبوت مٹانے کے مقصد سے اس کی نعش جلادی تھی۔