کاسرا گوڑ (کیرلا) ۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کیرلا سے متصلہ کرناٹک کی سرحدوں کو بند کئے جانے کے سبب پولیس نے بہار کی مہاجر ایک حاملہ خاتون مزدور کو منگلور روڈ سے گذرنے کی اجازت نہیں دی چنانچہ اس نے چلتی ایمبولنس میں بچہ کو جنم دیا۔ یہ خاتون مزدور ڈاکٹر سے رجوع ہونے کیلئے سرحد عبور کرتے ہوئے منگلور پہنچنا چاہتی تھی تاہم تالاپاڑی میں کرناٹک پولیس نے سرحد پر یہ کہتے ہوئے گاڑی کو روک دیا کہ کیرلا سے کسی ایمبولینس کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بعدازاں ایمبولینس کا ڈرائیور ایک مقامی دواخانہ کے طرف روانہ ہوگیا لیکن خاتون دردِ زہ میں مبتلا ہوگئی اور ایمبولینس میں لڑکی کو جنم دیا۔ ماں اور بچی کی حالت مستحکم ہے ۔ بہار کی ساکن 25 سالہ گوری دیوی اور اس کا شوہر کیرلا کے شمالی ضلع پلائی ووڈ فیاکٹری میں مزدوری کرتے ہیں جو لاک ڈاؤن کے بعد بند ہوچکی ہے ۔ ایمبولینس ڈرائیورس اسلم اور مصطفی نے کہا کہ راستے میں گاڑی روک کر خاتون کی زچگی میں مدد کی گئی۔