مشرقی ریاست کیخلاف چیف منسٹر آندھراپردیش کا بیان افسوسناک : کشور
پٹنہ ۔19 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) انتخابی دانشور سے سیاستداں بننے والے پرشانت کشور نے چیف منسٹر آندھراپردیش کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ’’بہاری ڈاکو‘‘ سے متعلق ان کے ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کیا ۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ صدر تلگودیشم نے مشرقی ریاست کے خلاف توہین آمیز موقف اختیار کرتے ہوئے اس علاقہ کی تذلیل کی ہے اور اپنی یقینی شکست کو وہ ہضم نہیں کرپارہے ہیں ۔ پرشانت کشور جو بہار چیف منسٹر نتیش کمار جنتادل (یو) کے قومی نائب صدر ہیں ، ان اخباری اطلاعات پر شدید ردعمل ظاہر کررہے تھے جس میں چندرابابو نائیڈو کو یہ الزام عائد کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آندھراپردیش میں لاکھوں رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے والے ’’بہاری ڈاکو‘‘ ہیں۔ ان لوگوں نے ہی وائی ایس آر کانگریس کو مجرمانہ مشورہ دیا ہے ۔ کشور نے اس خبر کے حوالے سے ٹوئیٹ کیا اور کہا کہ چندرابابو نائیڈو کو اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے ، اس لئے وہ بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں اور بہار کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کررہے ہیں ۔ آندھراپردیش میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخابات بھی ہورہے ہیں ۔ گزشتہ سال ہی چندرابابو نائیڈو نے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے سے علحدگی اختیار کرلی تھی جبکہ جنتادل (یو) اب بھی این ڈی اے کا حصہ ہے اگرچہ کہ پرشانت کشور اب جنتادل (یو) کا حصہ ہے ، اس سے قبل وہ مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ اور سیاسی تجزیہ کار تھے ۔ انھوں نے 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کی انتخابی مہم کو ترتیب دیا تھا اور بہار میں عظیم اتحاد کے ساتھ ان کی وابستگی بھی کامیابی کی دلیل سمجھی گئی ۔