44 اموات ۔ بہار میں 24 اور آسام میں 15 افراد ہلاک ۔ وزیر اعظم مودی کی چیف منسٹر آسام سے بات چیت
نئی دہلی 15 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کی شمال مشرقی ریاستوں اور بہار میں سیلاب کی صورتحال انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے جبکہ ان میں اموات کی تعداد 44 ہوگئی ہے جبکہ 70 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں ۔ شمالی ہندوستان میں کئی مقامات پر بارش بھی ریکارڈ ہوئی ہے ۔ دارالحکومت دہلی میں بھی بارش کا انتظار ختم ہوا اور آج 28.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔آسام میں ریاست کے 33 کے منجملہ 30 اضلاع میں سیلاب کی صورتحال بنی ہوئی ہے جس میں 43 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 15 افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ کازی رنگا نیشنل پارک ‘ پوبیتورا وائلڈ لائف سینکچوری اور مناس نیشنل پارک میں جانوروں کے رہنے کے مقامات بھی زیر آب آگئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر آسام سربانندا سونووال سے فون پر بات کرکے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ بحیثیت مجموعی 4,157 ہزار گاووں کے 42.87 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں اور 1,53,211 ہیکٹرس زرعی اراضی بھی زیر آب آگئی ہے اور کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ برہم پترا ندی کی سطح بھی خطرہ کے نشان سے اوپر ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں بہار میں سیلاب سے اموات کی تعداد 24 تک جا پہونچی ہے اور ریاست میں 25.66 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں ۔ 12 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں۔ کہا گیا ہے کہ پڑوسی ملک نیپال میں مسلسل بارش سے بہار میں سیلاب کی صورتحال بن گئی ہے ۔ مشرقی چمپارن ضلع میں پانچ مزید بچے دو علیحدہ واقعات میں بہہ گئے ہیں۔ تاہم ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ان اموات کو سیلاب کی وجہ سے اموات میںشمار نہیں کیا جا رہا ہے ۔ چونکہ ریاست کی پانچ دریاوں کی سطح خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج دوسری مرتبہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ۔ ریاست میں ہونے والی 24 اموات میں سب سے زیادہ 10 اموات سیتا مڑھی میں ہوئی ہیں جبکہ نو اموات اراریہ میں اور چار کشن گنج میں ہوئی ہیں۔ ریاست میں پانچ دریائیں باگمتی ‘ کملا بالن ‘ لال باکیہ ‘ ادھوارا اور مہانندا خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ میزورم میں کم از کم ایک ہزار خاندانوں کو لنگلائی ضلع سے محفوظ مقامات کو منتقل کرنا پڑا ہے ۔ جنوبی میزورم میں تقریبا 32 گاووں میں پانی جمع ہوگیا ہے اور 700 مکانات زیر آب آگئے ہیں۔ ریاست کے دوسرے اضلاع میں بھی اسی طرح کی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔ وسطی میزورم میں تقریبا 200 خاندانوں کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا ہے ۔