الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعلان کے بعد سی پی آئی (ایم) ، کانگریس، ترنمول کانگریس اور راشٹریہ جنتادل کا احتجاج
حیدرآباد:بہار اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے 65 سال سے زائد عمرکے رائے دہندوں کے علاوہ کورونا وائرس کے متاثرین اور کورونا وائرس کا شکار ہونے کے سبب قرنطینہ میں رہنے والے رائے دہندوں کے لئے پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کرنے کے فیصلہ پر مختلف سیاسی جماعتو ںکی جانب سے اعتراض کیا جانے لگا ہے اورکہا جا رہاہے کہ برسراقتدار سیاسی جماعتیں اس کا ناجائز فائدہ اٹھا سکتی ہیں اور ضعیف العمر رائے دہندوں کی جانب سے رائے دہی کیلئے مدد طلب کرنے کی صورت میں رازداری باقی رہنے کی گنجائش نہیں رہے گی۔ کورونا وائرس کے اس دور میں جہاں سماجی فاصلہ کے علاوہ ہجوم سے گریز کی تاکید کی جا رہی ہے ایسے میں بہار انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے بہار میں 65 سال سے زائد عمر کے رائے دہندوںاور ان لوگوں کو جو قرنطینہ میں ہیں کیلئے حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے ذریعہ رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے موقف میں ہوں گے لیکن سی پی آئی (ایم) کانگریس‘ ترنمول کانگریس کے علاوہ راشٹریہ جنتا دل کی جانب سے الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو غیر درست قرار دیا جارہا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ اس طرح کی سہولت کے ذریعہ برسراقتدار جماعت کو فائدہ حاصل ہوگا اور برسراقتدار جماعت کی جانب سے سرکاری مشنری کا استعمال کرتے ہوئے پوسٹل بیالٹ کو اپنے حق میں استعمال کروایاجاسکتا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلہ کے خلاف مذکورہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مکتوب روانہ کیا گیا ہے لیکن تاحال صرف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جواب روانہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوروناو ائرس کی وباء کے سبب کمیشن کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کورونا وائرس کا شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے اسی لئے انہیں یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔