نئی دہلی: بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور اس سلسلے میں آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی یادو نے آج کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے ملاقات کی اور بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اتحاد کو مضبوط بنانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں آج دہلی میں کانگریس اور آر جے ڈی لیڈروں کی میٹنگ ہوئی اور دو دن بعد پٹنہ میں ایک اور میٹنگ بلائی گئی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں آر جے ڈی کے لیڈر ریاستی سطح کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے جس میں سیاسی ماحول اور جیتنے والی سیٹوں کا اندازہ لگانے پر بات ہو سکتی ہے۔ تیجسوی یادو صبح جیسے ہی پٹنہ سے دہلی پہنچے ، وہ سیدھے کھرگے کی 10 راجا جی مارگ پر واقع رہائش گاہ پہنچے ۔ اس موقع پر کھرگے اور راہول گاندھی کے علاوہ کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال، بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاورو، بہار ریاستی کانگریس کے صدر راجیش کمار، آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن منوج جھا اور ممبر پارلیمنٹ سنجے یادو وغیرہ موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد کھرگے نے کہا کہ اس بار بہار میں تبدیلی یقینی ہے ۔ آج ہم نے بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو سے ملاقات کی اور عظیم اتحاد کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ آنے والے انتخابات میں ہم بہار کے لوگوں کو ایک مضبوط، مثبت، منصفانہ اور فلاحی آپشن دیں گے ۔ بہار کو بی جے پی اور اس کی تمام خودغرض تنظیموں سے آزاد کرایا جائے گا۔ بہار کے کسان ، مزدور ، انتہائی پسماندہ خواتین، مزدور ، نوجوان پسماندہ اور سماج کے دیگر تمام طبقات کے لوگ ریاست میں مہاگٹھ بندھن حکومت چاہتے ہیں۔
بعد ازاں الاورو نے کہا کہ آج ہماری میٹنگ کا آغاز تھا اور اب دوسری میٹنگ 17 اپریل کو پٹنہ میں ہوگی، اس میٹنگ میں ہم تمام پارٹیوں سے ملاقات کرکے ، اتفاق رائے اور مضبوط حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔