نئی دہلی۔13 اکتوبر ۔ (یو این آئی ) الیکشن کمیشن نے پیر کو بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ پنجاب کے ترن تارن، راجستھان میں انتا، اوڈیشہ کے نواپارہ، اور جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے نگروٹا اور بڈگاؤں کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے الگ الگ نوٹیفکیشن بھی جاری کیے گئے ہیں۔ بہار میں کل 243 اسمبلی سیٹوں کیلئے انتخابات دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے ۔ بہار میں انتخابات کے دوسرے مرحلے کے ساتھ ساتھ پنجاب، راجستھان، اُڈیشہ، اور جموں و کشمیر اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 11 نومبر کو ہوں گے۔ان تمام انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی بہار انتخابات کے دوسرے مرحلے اور دیگر ریاستوں میں ضمنی انتخابات کیلئے اُمیدواروں کی نامزدگی کا عمل بھی آج سے شروع ہو جائے گا۔