وزیراعظم مودی اور چیف منسٹر نتیش کمار کی حکمرانی اور ترقی پر عوام کا مینڈیٹ، نوجوانوں اور خواتین کا جیت میں اہم رول
نئی دہلی، 14نومبر (یو این آئی) بہار اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی تاریخی اور بڑی کامیابی کے بعد ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئیں اور حکمراں اتحاد کے رہنماؤں نے اسے عوام کے اعتماد کی جیت قرار دیا، جبکہ حزبِ اختلاف کی جانب سے بھی مختلف نوعیت کے ردِعمل سامنے آئے ۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے نتائج کو ”تاریخی فتح” قرار دیتے ہوئے بہار کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بہار کی عوام نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ”سُشاسن اور ترقی” کے عزم پر اپنی مہر ثبت کر دی ہے ۔ ان کے مطابق ”یہ تاریخی مینڈیٹ اس بات کا اعلان ہے کہ بہار نے ذات پرستی، جنگل راج اور افراتفری کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے ۔” مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ بہار میں ”اچھے طرزِ حکمرانی اور ترقی کی بڑی جیت” ہوئی ہے ۔ یہ جیت وزیر اعظم نریندر مودی کے تئیں بہار کے عوام کی عقیدت اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے تئیں لوگوں کے بھروسے کا اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار، خواتین کو انصاف اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ – ان سب محاذوں پر این ڈی اے حکومت کامیاب رہی ہے ۔ چوہان نے بہار کی عوام کو ”دیو تولیہ” قرار دیتے ہوئے بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی این ڈی اے کی زبردست جیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں بہار نے مستقل ترقی کی راہ پر قدم بڑھائے ہیں اور اب یہ رفتار مزید بڑھے گی۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور گلوکار منوج تیواری نے اس جیت کو ”مودی-نتیش پر عوام کے بھروسے ” کا نتیجہ قرار دیا۔ بی جے پی کے سینئر رہنما شاہنواز حسین نے کہا کہ بہار کے عوام نے این ڈی اے کو ووٹ دے کر تاریخی جیت دلانے کا کام کیا ہے ۔ ‘ہم’ پارٹی کے سربراہ اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے بھی تمام کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے اعلان کیا کہ نتیش کمار ہی وزیراعلیٰ بنیں گے ۔ بہار کے نائب وزیراعلیٰ اور بی جے پی رہنما وجے سنہا نے کہا کہ نتائج نے واضح کر دیا ہے کہ عوام کا ”ڈبل انجن” حکومت پر اعتماد برقرار ہے اور یہ جیت ملک کو نئی سمت دے گی۔ کرکٹر رویندرا جڈیجہ کی اہلیہ ریوابا جڈیجا نے کہا کہ ”ریکارڈ جیت” بتاتی ہے کہ عوام نے ایک بار پھر وزیرِ اعظم مودی پر بھروسہ دکھایا ہے ۔ مہاگٹھ بندھن کی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے پورنیہ سے آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے کہا کہ ”یہ عوام کا فیصلہ ہے اورہمیں اسے قبول کرنا ہوگا”۔ کانگریس رہنما بھوپیش بگھیل نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پرسخت تنقید کی اور کہا کہ ”انہوں نے انتخابات میں اہم کردار ادا کیا”۔ کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ عوام نے جو بھی مینڈیٹ دیا ہے ، پارٹی اسے قبول کرے گی اور مستقبل کی حکمت عملی کیلئے اس سے سبق لے گی۔ بہار میں این ڈی اے کی غیر معمولی کامیابی نے ریاست کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے ، جب کہ مختلف جماعتیں آئندہ سیاسی منظرنامے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہیں۔