بہار اسمبلی میں 150 سے زائد بچوں کی اموات پر ہنگامہ

   

ریاستی وزیر صحت کے بیان سے حزب مخالف غیرمطمئن ، استعفے کا مطالبہ
پٹنہ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی کے اجلاس کو ریاستی وزیر صحت منگل پانڈے کے حزب مخالف کی جانب سے استعفے کا مطالبہ کرنے اور شور مچانے اور چیخ و پکار کرنے کے بعد ایوان مقننہ کو ملتوی کردیا گیا۔ حزب مخالف کے ارکان ریاست میں 150 سے زائد بچوں کے دماغی بخار (اے ای ایس) سے فوت ہوجانے کے خلاف ایوان اسمبلی میں سخت احتجاج کررہے تھے۔ جونہی ایوان نے صبح 11 بجے اپنی کارروائی شروع کی، آر جے ڈی کے قائد للت یادو نے مظفر پور اور ریاست کے دیگر حصوں میں دماغی بخار سے مرنے والے بچوں کی بغداد میں مسلسل اضافے کیلئے وزیر موصوف کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر وجئے کمار چودھری نے اپوزیشن لیڈروں سے کہا کہ ایوان میں گزشتہ دوشنبہ کو دماغی بیماری کے اس سنگین مسئلہ پر بحث ہوچکی ہے اور ریاستی حکومت اس کا جواب بھی دے چکی ہے۔ چودھری نے مزید کہا کہ انہوں نے ایوان کے انقطاع کی تحریک کی بھی اجازت دے دی لیکن ایسا لگتا ہے کہ حزب مخالف کے ارکان ایوان کی کارروائیوں میں انتشار اور خلل پیدا کرکے متعلقہ وزیر کے استعفے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کی اس درخواست پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی کہ وقفہ سوالات کے دوران ایوان کی کارروائی کو معمول کے مطابق جاری رہنے کی اجازت دی جائے۔