کانگریس ورکنگ کمیٹی ا جلاس میں تفصیلی غور، ریونت ریڈی نے 6 ضمانتوں پر عمل پر رپورٹ پیش کی، بی سی تحفظات کی راہول گاندھی نے ستائش کی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بہار اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ و کرناٹک کے فارمولہ کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ میں پارٹی نے 6 اور کرنا ٹک میں 5 ضمانتوں کا وعدہ کیا تھا اور دونوں ریاستوں میں یہ حکمت عملی کامیاب رہی۔ انتخابات میں عام طور پر سیاسی پارٹیاں وعدوں پر مبنی منشور جاری کرتی ہیں لیکن کانگریس نے انتخابی منشور کے علاوہ اہم وعدوں پر مبنی ضمانتوں کا اعلان کیا تھا ۔ دونوں ریاستوں میں عوام نے انتخابی ضمانتوں پر اعتبار کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو اقتدار سے نوازا تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بہار میں منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں تلنگانہ اور کرناٹک ماڈل پر غور و خوض کیا گیا اور بہار اسمبلی چناؤ کے لئے مختلف ضمانتوں کے اعلان کا فیصلہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی برسر اقتدار آنے کے بعد 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے تازہ ترین موقف سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے طبقاتی سروے اور پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے اقدامات سے واقف کرایا ۔ راہول گاندھی نے سماجی انصاف کے تحت آبادی کے اعتبار سے حصہ داری کا وعدہ کیا۔ اسمبلی انتخابات سے قبل کاما ریڈی ڈکلیریشن میں 42 فیصد بی سی تحفظات کا وعدہ کیا گیا تھا جس پر طبقاتی سروے رپورٹ کی بنیاد پر عمل آوری کا منصوبہ ہے ۔ ورکنگ کمیٹی اجلاس میں بیشتر قائدین کی رائے تھی کہ تلنگانہ اور کرناٹک ماڈل کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہار میں انتخابی حکمت عملی طئے کی جائے۔ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس نے اجلاس میں اپنی اپنی ریاستوں میں عمل کی جارہی فلاحی اسکیمات اور ان کے نتائج پر مبنی تفصیلات پیش کیں۔ بہار میں جہاں پسماندہ طبقات کی آبادی فیصلہ کن موقف میں ہے، لہذا تلنگانہ کی طرح طبقاتی سروے اور پھر تحفظات کے وعدہ کی صورت میں کانگریس پارٹی اور اس کی حلیف جماعتوں کو فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سماجی انصاف کے نعرہ کے تحت مجالس مقامی میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ طبقاتی سروے کے معاملہ میں راہول گاندھی نے تلنگانہ کو ملک کیلئے رول ماڈل قرار دیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی کی بھی ستائش کی ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ورکنگ کمیٹی اجلاس سے خطاب میں راہول گاندھی کی زیر قیادت ملک بھر میں ووٹ چوری کے خلاف مہم کی کامیابی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کو دیہی سطح تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ستمبر 2023 میں کانگریس پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کا وسیع تر اجلاس حیدراباد میں منعقد کیا گیا تھا جس میں سونیا گاندھی نے 6 ضمانتوں کو جاری کیا۔ کانگریس قائدین کو امید ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات سے قبل پٹنہ میں ورکنگ کمیٹی اجلاس کے انعقاد سے تلنگانہ کی طرح فائدہ حاصل ہوگا۔ اجلاس میں تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، دامودر راج نرسمہا اور ورکنگ کمیٹی کے خصوصی مدعو ومشی چند ریڈی نے شرکت کی ۔1