نئی دہلی، 7 نومبر (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز بہار اسمبلی انتخابات میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد کسی بھی حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کی سفارش نہیں کی۔ یہ اطلاع الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری سرکاری ریلیز میں دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چھان بین کے بعد کسی پولنگ اسٹیشن پر کوئی تضاد/گڑبڑی نہیں پائی گئی اور بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں دوبارہ پولنگ کی سفارش نہیں کی گئی۔ اس پورے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی، اور تحقیقات کے بعد، فارم 17A اور متعلقہ مواد کو آر او کی مہر کے ساتھ دوبارہ سیل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ کمیشن نے انتخابات میں شفافیت کو بڑھانے اور پولنگ اسٹیشنوں پر معمولی بے ضابطگیوں کا پتہ لگانے اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ پولنگ کی سفارش کرنے کے لیے فارم 17A (ووٹر رجسٹر) اور پولنگ کے دن کے دیگر دستاویزات کی پوسٹ الیکشن سکروٹنی کے حوالے سے مربوط ہدایات جاری کی تھیں۔ تمام امیدواروں کو چھان بین کی تاریخ، وقت اور جگہ کے بارے میں پیشگی مطلع کر دیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں، بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ والے تمام 121 اسمبلی حلقوں میں کمیشن کے ذریعہ مقرر کردہ 121 ریٹرننگ افسروں (آر او) اور 121 جنرل آبزرور (جی او) کی موجودگی میں دستاویزات کی چھان پھٹک کی گئی۔ تقریباً 455 امیدواروں یا ان کے ایجنٹوں نے بھی چھان بین کے عمل میں حصہ لیا۔