بہار انتخابات میں ’مہاراشٹر ماڈل‘دہرایا گیا: سنجے راوت

   

ممبئی، 14 نومبر (یو این آئی) شیوسینا (ٹھاکرے گروپ ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن پر ملی بھگت کا سنگین الزام عائد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں مہاراشٹر جیسا ماڈل دہرایا گیا ہے جہاں نتائج عوامی توقعات کے برعکس سامنے آئے ۔ راوت نے کہا کہ بہار میں این ڈی اے اتحاد کی غیر معمولی کامیابی کسی حیرت کی بات نہیں، کیونکہ یہ ایک منظم منصوبے کا حصہ لگتا ہے ۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا، ”بہار کے نتائج بالکل وہی ہیں جن کی توقع الیکشن کمیشن اور بی جے پی کی مشترکہ حکمتِ عملی سے کی جا سکتی تھی۔ یہ ایک قومی مہم کا حصہ ہے ، جس کا مقصد عوام کے ووٹوں کو متاثر کرنا ہے ۔”انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال مہاراشٹر میں 2022 کے دوران پیش آئے سیاسی واقعات سے مشابہ ہے ، جہاں عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کر کے حکومت بنائی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو اتحاد حکومت بنانے کے قریب تھا وہ 50 نشستوں سے پیچھے رہ گیا، یہ سب ایک منظم کارروائی کا نتیجہ ہے ۔