بہار انتخابات کے نتائج حیران کن : راہول گاندھی

   

نئی دہلی ۔ 15 نومبر (ایجنسیز) کانگریسی اپوزیشن قائد راہول گاندھی نے بہار ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے نتائج پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے انتخابات میں فتح حاصل نہیں کر سکے جو شروع سے ہی منصفانہ نہیں تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ نتیجہ واقعی حیران کن ہے اور کانگریس سمیت اپوزیشن اتحاد ان نتائج کا گہرائی سے جائزہ لے گا۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ان کی جدوجہد آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہے اور وہ جمہوریت کو بچانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی حقوق اور شفاف انتخابی عمل کے لیے وہ مسلسل کام جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ بہار میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں حکمران اتحاد بی جے پی اور جے ڈی یو (این ڈی اے) نے 243 میں سے 203 سیٹیں جیت کر بھاری اکثریت حاصل کی۔ ایم جی بی کو 34 اور دیگر جماعتوں کو صرف 6 نشستیں ملی ہیں، جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے لیے میدان کافی مشکل ہو گیا ہے۔