بہار اور یوپی میں آندھی طوفان ، بجلی گرنے سے 107 افراد ہلاک

,

   

Ferty9 Clinic

وزیراعظم مودی کا اظہارِ رنج ، بہار کے 83 مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 4 لاکھ معاوضہ کا اعلان ، مزید بارش کی پیش قیاسی

نئی دہلی ۔ بہار اور اترپردیش میں زبردست آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور بجلی گرنے سے جملہ 107 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بہار کے مختلف اضلاع میں بجلی گرنے سے کم از کم 83 افراد اور اترپردیش میں 24 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کئی زخمی بتائے گئے ہیں۔ زبردست بارش اور آندھی طوفان کے باعث شمالی ہند کے کئی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والوں کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور اس واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں انتہائی المناک خبر ملی کہ بہار اور اترپردیش کے اضلاع میں بجلی گرنے سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ بہار اور اترپردیش حکومتوں کی جانب سے راحت و امدادی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ بہار میں ہلاک 83 کے منجملہ 13 افراد صرف گوپال گنج ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ مدھوبنی اور نواڈا اضلاع میں 8، 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ بھاگلپور اور سیوان میں 6، 6 جبکہ بنکا ، دربھنگہ اور ایسٹ چمپارن اضلاع میں مجموعی طور پر 15 افراد ہلاک ہوئے۔ کھگاریا ضلع میں 3 اور ضلع اورنگ آباد میں بھی 3 افراد بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئے۔ جہان آباد، کشن گنج، ویسٹ چمپارن، جموئی، پورنیا، سپاول، کائمور اور بکسر میں فی کس 2 افراد ہونے کی اطلاع ہے۔ سارن، شیوہر، سمستی پور، مدھے پورہ اور سیتامڑھی میں ایک ایک شخص بجلی گرنے سے ہلاک ہوگیا۔ گوپال گنج ڈسٹرکٹ کلکٹر ارشد عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ اس ضلع میں بجلی گرنے سے 12 یا 13 افراد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے شدید بارش اور آندھی کے دوران عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ اس دوران درختوں کے نیچے نہ ٹھہریں۔ زخمیوں کو علاج کیلئے دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے۔ دوسری طرف اترپردیش میں بھی شدید آندھی طوفان اور بجلی گرنے سے 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ جن کے منجملہ صرف ضلع دیورا میں 9 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اترپردیش ریلیف کمشنر سنجے گوئل نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بجلی گرنے سے 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جن اضلاع میں ہلاکتیں ہوئی ہیں ، ان میں کشی نگر (1) ، فتح پور (1) ، اناؤ (1) ، دیورا (9) ، بارہ بنکی (2) ، پریاگ راج (6) ، امبیڈکر نگر (3) اور بلرام پور میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ بہار کے مہلوکین میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ اسی دوران چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے 83 مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 4 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ افراد اس وقت بجلی کی زد میں آگئے جب کھیتوں میں کام کررہے تھے۔ دربھنگہ میں 3 بچوں سمیت پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔ جبکہ دو زخمی بتائے گئے ہیں۔