پٹنہ، 4 ستمبر (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے آج بہار بند کے دوران بی جے پی پر ’غیر مہذب برتاؤ‘ کا سنگین الزام لگایا اور کہا کہ حال ہی میں منعقدہ ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے بارے میں کئے گئے تبصروں کے خلاف احتجاج میں این ڈی اے کی طرف سے بلائے گئے بند کے دوران بی جے پی کارکنوں نے تمام حدیں پار کر دیں۔ لالو پرساد یادو نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ہنگامہ خیز بیان جاری کیا ہے اور پوچھا ہے کہ کیا وزیر اعظم مودی نے اپنے کارکنوں کو بہار کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ بدسلوکی کا حکم دیا ہے؟ انہوں نے بی جے پی کارکنوں پر خواتین اساتذہ، مسافروں، طالبات، حاملہ خواتین، بزرگ شہریوں اور یہاں تک کہ صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی اور حملہ کرنے کا بھی الزام لگایا ہے ۔ آر جے ڈی سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ گجراتیوں کو بہاریوں کو ہلکا نہیں لینا چاہیے ۔ یہ بہار ہے ۔