بہار شریف۔ 5 جولائی (یو این آئی) بہار کے دیہی ترقی کے وزیر اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر شراون کمار نے آج کہا کہ ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی کے خلاف بہار بند اپوزیشن کی سوچی سمجھی سازش ہے ۔ ہفتہ کو یہاں منعقد ایک پریس کانفرنس میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کے خلاف اپوزیشن کی طرف سے 9 جولائی کو بلائے گئے بہار بند پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبداری سے اپنا کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن کے ذریعہ منعقد کئے گئے بہار بند کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن خصوصی نظرثانی کے کام کے ذریعے ووٹر لسٹ سے محروم غریب ووٹرز کے نام شامل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ووٹرز اورجن کی موت ہو چکی ہے ، ساتھ ہی ان کے نام نکالنے کا جو کام کیا جا رہا ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جہاں الیکشن جیتتی ہے ، وہاں منصفانہ انتخابات کی بات کرتی ہے ، جبکہ دوسری جانب الیکشن ہارنے پر الیکشن کمیشن پر بددیانتی کا الزام لگاتی ہے ۔