پٹنہ، 18 ستمبر (یو این آئی) بہار حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 20 سے 25 سال کی عمر تک کے ایسے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں، جو گریجویشن پاس کرنے کے باوجود بے روزگار ہیں، انہیں ایک ہزار روپے ماہانہ کی شرح سے زیادہ سے زیادہ دو سال تک وزیر اعلیٰ سیلف ہیلپ الاؤنس ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بہار اسمبلی انتخابات سے قبل وزیراعلیٰ نتیش کمار کی حکومت نے نوجوانوں کیلئے یہ بڑا اعلان کیا ہے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ نومبر 2005 میں نئی حکومت بننے کے بعد سے ہی زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں اور روزگار فراہم کرنا اور انہیں بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے ۔ آئندہ پانچ برسوں میں ایک کروڑ نوجوانوں کو سرکاری نوکری اور روزگار دینے کا ہدف طے کیا گیا ہے ۔ اس کیلئے نوجوانوں کو ہنر مندی کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ سرکاری یا نجی روزگار حاصل کر سکیں۔ کمار نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ریاستی حکومت کے 7 نشچئے پروگرام کے تحت پہلے سے جاری چیف منسٹر سیلف ہیلپ الاؤنس اسکیم کو بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت سیلف ہیلپ الاؤنس اسکیم، جو پہلے ہی انٹرمیڈیٹ پاس نوجوان مردوں اور خواتین کو فراہم کی جا رہی تھی، اب اس سے آرٹس، سائنس اور کامرس میں گریجویشن کرنے والے بے روزگار نوجوانوں اور خواتین بھی مستفید ہوسکیں گے ۔ 20-25 سال کی عمر تک کے گریجویٹ جو تعلیم حاصل نہیں کر رہے ہیں اور ملازمت کی تلاش میں ہیں، خود روزگار نہیں ہیں، یا ان کے پاس کوئی سرکاری، نجی، یا غیر سرکاری ملازمت نہیں ہے ، انہیں بھی زیادہ سے زیادہ دو سال تک ایک ہزارروپے فی مہینہ کی شرح سے چیف منسٹر کا سیلف ہیلپ الاؤنس ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان مرد اور خواتین اس امدادی الاؤنس کو ضروری تربیت حاصل کرنے اور مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کیلئے استعمال کریں گے اور اس طرح اپنا مستقبل محفوظ بنائیں گے ۔اس سہولت کا فائدہ وہ نوجوان حاصل کر سکیں گے جو نہ تو مزید تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور نہ ہی کسی سرکاری، نجی یا غیر سرکاری ملازمت یا خود روزگار سے وابستہ ہیں۔
انہیں دو سال تک ماہانہ ایک ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اس امداد کو ٹریننگ لینے اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کیلئے استعمال کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ حکومت کی اس دور اندیش پہل کا مقصد یہ ہے کہ بہار کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آئیں، وہ خودکفیل اور ہنر مند بنیں اور ریاست و ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔