بہار سرحد پر مقامی افراد کیساتھ نیپالی فورس کی جھڑپ،ایک ہلاک

,

   

دیہی باشندے نیپالی علاقہ میں گھس گئے تھے ، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر فورس کی کارروائی

پٹنہ ؍ کٹھمنڈو ۔ 12جون (سیاست ڈاٹ کام) نیپالی سرحدی حفاظتی دستے نے جمعہ کو ہجوم پر فائرنگ کرتے ہوئے ایک نوجوان ہندوستانی کو ہلاک کردیا اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ بہار کے ضلع سیتامڑھی سے متصل ہند ۔ نیپال سرحد پر جھگڑے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا جس نے کشیدگی پیدا کردی ہے۔ ہندوستانی عہدیداروں نے کہا کہ نیپالیز آرمڈ پولیس فورس نے اس واقعہ کے بعد 45 سالہ لگن یادو کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔ یہ واقعہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے سرحدی تنازعہ کے دوران پیش آیا ہے جبکہ ہندوستان سختی سے نیپال پر زور دے رہا ہیکہ علاقائی دعوؤں کو مصنوی طور پر بڑھاوا دینے سے گریز کرے جبکہ کٹھمنڈو نے لیپولیکھ، کالاپانی اور لمپیادھورا پر دعویداری ظاہر کرتے ہوئے نیا سیاسی نقشہ جاری کردیا ہے۔ نئی دہلی کا یہی کہنا ہیکہ یہ علاقے اترکھنڈ کا حصہ ہیں جبکہ کٹھمنڈو نے اپنے حالیہ نقشہ میں ان علاقوں کو مغربی نیپال کا حصہ بتایا ہے۔ انڈیا نے سرحدی خطہ کا اپنا نیا نقشہ نومبر میں شائع کیا تھا جب اس نے جموں و کشمیر اور لداخ کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کیا۔ نقشہ میں اترکھنڈ کے ان علاقوں کو ہندوستان کی سرحدوں کے اندرون ظاہر کیا گیا ہے جبکہ یہی علاقوں کے تعلق سے نیپال کے ساتھ تنازعہ ہے۔ پٹنہ سے 134 کیلو میٹر دور سیتامڑھی کے واقعہ کے تعلق سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل سشسترسیمابل کمار راجیش چندر نے کہا کہ یہ واقعہ نیپالی علاقے کے اندرون صبح 8:40 بجے پیش آیا۔ سیمابل وہ فورس ہے جو 1751 کیلو میٹر طویل ہند ۔ نیپال سرحد کی حفاظت کرتی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل نے نئی دہلی میں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ صورتحال اب نارمل ہے اور دونوں طرف کے متعلقہ کمانڈرس فوری ایک دوسرے کے ربط میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابتدائی جانکاری کی اساس پر مرکزی وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیج دی ہے۔ واقعہ کے مقام سے تقریباً 1.5 کیلو میٹر کی دوری پر بارڈر پوسٹ واقع ہے جس نے معاملہ پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

ایس ایس بی کے انسپکٹر جنرل سنجے کمار جو پٹنہ فرنٹیئر کے نگرانکار ہے، انہوں نے فون پر پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ مقامی افراد اور نیپال کی آرمڈ پولیس فورس کے درمیان پیش آیا۔ فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ہوا اور دو دیگر زخمی ہوئے۔ عہدیداروں نے کہا کہ 22 سالہ ویکیش یادو جس کے پیٹ میں گولی لگی وہ جانبر نہ ہوسکا جبکہ 24 سالہ ادئے ٹھاکر اور 18 سالہ اومیش رام زخمی ہوئے اور سیتامڑھی کے خانگی ہاسپٹل میں شریک ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مقامی افراد سے حاصل شدہ ابتدائی معلومات کے مطابق نیپالی فورس نے اپنے علاقہ میں ہندوستانیوں کی موجودگی پر اعتراض کیا تھا کیونکہ کوروناوائرس وباء کے سبب وہاں لاک ڈاؤن لاگو ہے۔ نیپال نے اس علاقہ میں 14 جون تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ نیپالی فورس کے اعتراض پر ہندوستانیوں نے احتجاج کیا اور بات بڑھ گئی۔ احتجاجیوں کو قابو میں کرنے کیلئے نیپالی فورس نے پہلے ہوا میں اور پھر ہجوم پر فائرنگ کردی۔ یہ واقعہ اس پٹی سے نیپالی علاقہ کے 75 میٹر اندرون پیش آیا، جسے نومینس لینڈ کہتے ہیں۔