سارن پشتہ ٹوٹنے سے تقریباً 500 گاؤں متاثر
پٹنہ : پشتہ ٹوٹنے کی وجہ سے ندی کا پانی لگاتار گاؤں میں داخل ہو رہا ہے اور خطرہ بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے۔ چاروں طرف ایسا لگ رہا ہے جیسے کوئی قہر ٹوٹ پڑا ہے اور ہر شخص اپنی جان بچانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔لگاتار ہو رہی بارش اور ندیوں میں طغیانی نے بہار میں سیلاب کی صورت حال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔ گوپال گنج سے ایک تشویشناک خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ سارن پشتہ تین مقامات پر ٹوٹ گیا ہے جس سے علاقے میں خوفناک نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق سارن پشتہ جمعرات کی دیر رات مانجھا ڈویژن کے پرینا علاقہ، برولی ڈویڑن کے دیوا پور علاقہ اور بیکنٹھ پور واقع پرینا علاقہ میں ٹوٹا ہے جس کی وجہ سے تقریباً 500 گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔