لکھنؤ 4 نومبر(یواین آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بہار سے پورے ملک میں تبدیلی کا پیغام جا رہا ہے ۔ بہار کے لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کے اتحادی جماعتوں کی حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا من بنا چکے ہیں۔ یہ الیکشن امیر اور غریب کے درمیان کا الیکشن ہے ، جہاں امیر اور صنعت کار بی جے پی کے ساتھ ہیں، وہیں غریب، کسان، نوجوان اور خواتین انڈیا اتحاد اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ساتھ کھڑے ہیں۔ منگل کو دینارا، اوبرا اور بیلا گنج اسمبلی حلقوں میں اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے بہار میں بے روزگاری، مہنگائی اور کرپشن کو عروج پر پہنچا دیا ہے ۔ بی جے پی جھوٹ اور نفرت پھیلانے والی پارٹی ہے جس نے ہر طبقے کے ساتھ دھوکا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں اور غریبوں کا استحصال کیا ہے ۔ کسان اپنی پیداوار کا مناسب دام نہیں پا رہے ہیں، جبکہ بی جے پی نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے جھوٹے وعدے کیے تھے ۔ بہار کو کرپشن اور لوٹ مار کے بنڈل راج سے بچانا ضروری ہے ۔ بہار کا پیسہ بہار کی ترقی پر خرچ ہونا چاہیے ، نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے ۔ بی جے پی نے ملک اور ریاست کو قرض داربنا دیا ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ جب سے تیجسوی یادو نے ہر گھر کو نوکری، 200 یونٹ مفت بجلی اور خواتین کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا اعلان کیا ہے ، تب سے بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے ۔ عوام نے طے کر لیا ہے کہ سرکار بدلے گی، بہار بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کر کے دھوکا دے چکی ہے ۔ اب بہار کے عوام تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ بنا کر سماجی انصاف اور ترقی کا راج قائم کریں گے ۔