پٹنہ:بہار کے کڑھنی اسمبلی سیٹ کیلئے ہونے والے ضمنی انتخاب میں آر جے ڈی اپنا امیدوار نہیں اتارے گی۔ اس سیٹ پر آر جے ڈی نے جنتا دل یو امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ مظفر پور ضلع کے کڑھنی اسمبلی حلقہ کیلئے ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے مہاگٹھ بندھن کے لیڈروں نے ہفتہ کے روز امیدوار کا اعلان کر دیا۔ وہاں سے جنتا دل یو کے منوج کشواہا مہاگٹھ بندھن کے امیدوار ہوں گے۔جنتا دل یو کے ریاستی دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے کڑھنی اسمبلی سیٹ سے ضمنی انتخاب کیلئے منوج کشواہا کے نام کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ کشواہا مہاگٹھ بندھن کے امیدوار ہوں گے۔ اس پریس کانفرنس میں مہاگٹھ بندھن میں شامل سبھی سات پارٹیوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔ قابل ذکر ہے کہ کڑھنی اسمبلی سیٹ آر جے ڈی کے قبضے میں تھی۔