پٹنہ 18مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں لوک سبھا کی 40 میں سے چار اور اسمبلی کی ایک نشست کے لئے 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں ہونے والی ووٹنگ کے لئے آج نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی نامزدگی کے عمل شروع ہو گئے ۔ریاستی الیکشن آفس کے مطابق، اورنگ آباد، گیا (محفوظ)، نوادہ اور جموئی (محفوظ) لوک سبھا حلقوں کے لئے آج نوٹیفکیشن جاری کر دی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی آج سے کاغذات نامزدگی کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے ۔ امیدوار 25 مارچ تک کاغذات نامزدگی کر سکیں گے ۔ نامزدگی کاغذات کی جانچ 26 مارچ کو ہوگی اور 28 مارچ تک نام واپس لئے جا سکیں گے ۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی. پہلے مرحلے میں ہی نوادہ اسمبلی سیٹ پرضمنی انتخابات کے لئے بھی پولنگ کرائے جائیں گے ۔اس بار کے لوک سبھا انتخابات میں بہار میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) میں تال میل کے تحت گیا (محفوظ) سیٹ اتحادی پارٹی جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے کھاتے میں گئی. وہیں، نوادہ سیٹ لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کو دی گئی ہے . جموئی (محفوظ) سیٹ پہلے ہی ایل جے پی کے پاس ہے ۔اس سے قبل سال 2014 میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں اورنگ آباد سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سشیل کمار سنگھ، گیا (محفوظ) سے بی جے پی کے ہری مانجھی اور نوادہ سے بی جے پی کے گری راج سنگھ فاتح رہے تھے ۔جموئی (محفوظ) سیٹ پر لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے صدر اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے بیٹے چراغ پاسوان نے جیت درج کی تھی۔وہیں، نوادہ سے راشٹریہ جنتا دل کے رکن اسمبلی رہے راج ولبھ یادو کے بدفعلی معاملہ میں ملوث ہونے کے انکشاف کے بعد ان کی اسمبلی کی رکنیت ختم ہو گئی۔ساتھ ہی انہیں پارٹی سے بھی معطل کر دیا گیا۔