بہار میںلاک ڈاؤن : فاقہ کشی کا شکار خاتون نے 1000 روپئے میں گیاس اسٹو فروخت کردیا

,

   

پٹنہ /12 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں کورونا وائرس کی وباء اور اس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں عوام انتہائی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں ۔ بہار کے ایک خاتون نے اناج کی خریداری کیلئے اپنے گھر کا گیاس کا چولہا سلینڈر کے ساتھ ایک ہزار روپئے میں فروخت کردیا ۔ روایتی طریقہ سے کھانا پکانے کے باعث اس کی صحت خراب ہو رہی ہے ۔ اچھی توقعات کے ساتھ وہ ان حالات کا سامنا کر رہی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ یہ اس کی مشکلات کا عارضی حل ہے ۔ اس خاتون کیلئے مشکلات اُس وقت شروع ہوئی جب لاک ڈاؤن کے بعد اس کا بیٹا بے روزگار ہوگیا ۔ پانچ ارکان پر مشتمل اس خاندن کے گذر بسر کیلئے اُس کا بیٹا فٹ پاتھ کپڑے فروخت کرتا تھا ۔ لاک ڈاؤن کے بعد یہ خاندان فاقہ کشی کا شکار ہوگیا ۔ یہاں تک کہ اس خاتون نے دو دن قبل ایک ہزار روپئے میں اپنے گھر کا چولہا تک بیچ دیا ۔ اس کا کہنا ہے کہ بھوکے رہنے سے بہتر ہے لکڑی کے چولہے پر ہی کھانا پکایا جائے ۔ وہ اس بات کو لیکر تشویش کا شکار ہے کہ اگر لاک ڈاؤن اسی طرح جاری رہا تو اُس کے خاندان کا گذر بسر کیسے ہوگا ۔ میڈیا کے نمائندوں کو خاتون نے بتایا کہ گھر میں اناج بھی بہت کم ہے جو عنقریب ختم ہوجائے گا ۔