پٹنہ ۔ 6 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) کنہیا کمار کے قابلہ پر پتھر پھینکے گئے جب بائیں بازو کے لیڈر بہار کے ضلع مدھے پورہ میں جمعرات کو سی اے اے کیخلاف ریالی سے خطاب کیلئے جارہے تھے۔ یہ اندرون 24 گھنٹے اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا جس نے سابق جے این یو اسٹوڈنٹ لیڈر کو بی جے پی کے متنازعہ لیڈر گری راج سنگھ کے خلاف گزشتہ سال لوک سبھا چناؤ میں کھڑا کیا تھا ، اس نے یہاں ایک بیان جاری کرتے ہوئے سنگباری کے واقعہ کی مذمت کی اور اگر احتیاطی اقدامات نہ کئے گئے تو ایجی ٹیشن شروع کرنے کا انتباہ دیا۔ کنہیا کمار ریاست گیر جن گن من یاترا پر ہیں جو 30 جنوری کو گاندھی جی کی برسی کے موقع پر شروع کی گئی۔ یہ یاترا این پی آر / این آر سی / سی اے اے کے خلاف جوائنٹ فورم کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔ یہ مہم 29 فروری کو پٹنہ میں ریالی کے ساتھ ختم ہوگی۔