قومی اور بین الاقوامی سرحدیں بند کردی گئیں ، 1650کمپنیوں پر مشتمل مرکزی سکیورٹی فورسز تعینات
پٹنہ، 10 نومبر (آئی اے این ایس) 2025 کی بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ سے قبل ریاست میں سکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔ بہار پولیس نے11 نومبرکو ہونے والی رائے دہی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے کے انتخابات جو کہ6 نومبر کو ہوئے تھے اس کے مقابلے میں اس بار سکیورٹی مزید سخت رکھی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں 20 اضلاع کی 122 اسمبلی نشستوں پر منگل کے روز ووٹنگ ہوگی۔ان میں سے متعدد اضلاع کی بین الاقوامی اور بین الریاستی سرحدیں لگتی ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ خاص طور پر مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، سیتامڑھی، شہوہر، مدھوبنی، ارریہ اور کشن گنج میں انڈو۔ نیپال سرحد کے نزدیک نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ ساتھ ہی جھارکھنڈ، اترپردیش اور مغربی بنگال کی سرحدوں پر بھی چیکنگ تیزکردی گئی ہے۔بین الاقوامی سرحدیں مکمل طور پر بندکردی گئی ہیں جبکہ بین الریاستی سرحدیں بھی اتوارکی شام سے بند ہیں تاکہ کسی بیرونی عنصرکی آمدورفت نہ ہو سکے۔ تمام اضلاع کے ایس پیزکو ہدایت دی گئی ہے کہ سرحدی علاقوں میں گشت دوگنا کر دیا جائے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی ہدایات کے مطابق ریاست بھر میں 1650 کمپنیوں پر مشتمل مرکزی سکیورٹی فورسز تعینات کی جا رہی ہیں۔ ریاستی پولیس کے اضافی دستے بھی حساس علاقوں میں بھیجے گئے ہیں۔پولنگ اسٹیشنز پرکسی قسم کی گڑبڑ روکنے کے لیے خاص ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نگرانی کے لیے ڈرونز، سی سی ٹی وی کیمروں اور کوئیک ریسپانس ٹیموں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ بہار ڈی جی پی وِنَے کمار نے عوام سے بلا خوف انتخابات میں حق رائے دہی میں حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا انتخابات جمہوریت کا تہوار ہیں۔ بہار پولیس ہر ووٹرکو محفوظ اور منصفانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔پہلے مرحلے کی پولنگ پرامن طور پر مکمل ہو چکی ہے، اور اب سکیورٹی ایجنسیوں کی توجہ دوسرے مرحلے پر مرکوز ہے، جوکئی حساس علاقوں پر مشتمل ہے۔ ڈی جی پی نے مزید کہا ہے کہ بہار پولیس11 نومبر کو آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات یقینی بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالات کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ رائے دہی کے پرامن کے انعقاد کیلئے انتظامات بہترین ہیں۔
