پٹنہ : بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے گاندھی میدان میں 3 مارچ کو ہونے والی جن وشواس مہاریالی کے لیے اسٹیج مکمل طور پر تیار ہے جو کہ چیف منسٹرٰ نتیش کمار کے مہاگٹھ بندھن اتحاد سے تعلقات ختم کرنے اور بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کے بعد بہار کی نئی اپوزیشن کی پہلی مشترکہ ریالی ہے۔ کانگریس کے سابق سربراہ راہول گاندھی سمیت تمام اعلیٰ اپوزیشن قائدین کی اس ریالی میں شرکت متوقع ہے۔2 مارچ کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے بہار کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اکھاڑ پھینکنے کیلئے ریالی میں حصہ لیں۔ آر جے ڈی کارکنوں کے ذریعہ ریاستی دارالحکومت میں لگائے گئے پوسٹر اور بینرز پر جمہوریت کو بچانے اور بی جے پی کو بے دخل کرنے کے نعرے تحریر ہیں۔
