وزارت داخلہ نتیش کمار نہیں بلکہ بی جے پی کے سمراٹ چودھری کے پاس ہے :دیپنکر
حاجی پور۔ 23 نومبر (یو این آئی) سی پی آئی-ایم ایل کے جنرل سکریٹری دیپنکر بھٹّاچاریہ نے آج کہا کہ بہار ایک خطرناک دور میں داخل ہورہی ہے ، جس میں قانون کی جگہ لوگوں کے گھروں پر بلڈوزر چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ بھٹّاچاریہ نے وشیشور پرساد یادو کے حاجی پور میں منعقدہ تعزیتی جلسہ میں کہا کہ اس بار کی حکومت گزشتہ حکومت جیسی نہیں ہے ۔اس بار نتیش کمار صرف چیف منسٹر ہیں اور وزارتِ داخلہ اُن سے لے کر سمراٹ چودھری کو دے دی گئی ہے ۔اب حکومت اپنے سامنے اُتر پردیش کا بلڈوزر ماڈل لے کر چلے گی، جس میں قانون کا راج نظر نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں مافیا راج ختم کرنے کے نام پر حکومت کے تحفظ میں رہنے والی اعلیٰ ذات کی جاگیردار طاقتوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی لیکن دلت، پسماندہ اور اقلیتی برادری پر مسلسل بلڈوزر چل رہے ہیں اور اب بہار میں بھی یہی ہونے والا ہے ۔ بھٹا چاریہ نے کہا کہ انتخاب کے دوران ہی دولار چند یادو کا قتل ہوا تھا، اور اب ڈپٹی چیف منسٹر سمراٹ چودھری کہتے ہیں کہ سینے پر بلڈوزر چلا دیں گے ، غریبوں کو گھروں سے نکلنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے طئے کر لیا ہے کہ بِہار کو 90 کے دہے میں واپس لے جانا ہے تو ان کی پارٹی اسی مضبوطی کے ساتھ ایسی طاقتوں کے خلاف قدم بہ قدم لڑتی رہے گی۔بھٹّا چاریہ نے کہا کہ بہار میں انتخابات سے ٹھیک پہلے اچانک 70 لاکھ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیئے گئے جن میں سے 40 لاکھ نام بالکل غلط طریقے سے ہٹائے گئے اور 20تا25 لاکھ نئے نام جوڑ کر ہر بوتھ کا توازن بدل دیا گیا ہے ۔