نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی بہار میں ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی کے خلاف 17 اگست سے ووٹ ادھیکار مہم شروع کریں گے ، جس میں انڈیا اتحاد کے رہنما بھی شامل ہوں گے ۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے چہارشنبہ کے روز اسے جمہوریت کی لڑائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایک شخص کے قیمتی ووٹ اور آئین کی حفاظت کیلئے اس مہم کو عوامی تحریک بنایا جائے گا ۔وینوگوپال نے کہاکہ ہماری جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی سڑکوں پر ہوگی اور 17 اگست سے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور انڈیا اتحاد کی پارٹیوں کی طرف سے بہار بھر میں بڑے پیمانے پر ووٹ ادھیکار یاترا شروع کی جائے گی۔ جمہوریت کیلئے خطرناک ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی اور ووٹ کی چوری کے خلاف اس لڑائی کو عوامی تحریک بنانے کی شروعات کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تناظر میں، آج انڈیا اتحاد کے رہنماؤں سے بہار کے سہسرام میں ملاقات کی گئی۔
راہول کیخلاف ساورکر ہتک عزت معاملہ ، کانگریس کی وضاحت
نئی دہلی۔ 13 اگست (ایجنسیز) کانگریس نے آج وضاحت کی کہ ساورکر ہتک عزت کیس میں کانگریس ایم پی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی طرف سے پونے کی عدالت میں پیش کیا گیا تحریری بیان کہ انہیں جان کا خطرہ ہے ، ان کی اجازت کے بغیر داخل کیا گیا۔ پارٹی ترجمان سپریا شریناتے نے ایکس پر بیان میں بتایا کہ راہول گاندھی کے وکیل کے داخل کردہ تحریری بیان سے راہول گاندھی کو بالکلیہ اتفاق نہیں ۔ لہٰذا کل ان کے وکیل یہ بیان عدالت سے واپس لیں گے۔