پٹنہ: ریاست بہار کے کاٹھار ضلع میں بہتر برقی سربراہی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج پر اترنے والوں پر پولیس نے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ میں دو افراد ہلاک ہوئے اور ایک دیگر زخمی ہوگیا ۔ زخمیوں میں سیکورٹی عملہ کے ارکان بھی شامل ہیں ۔ بارسوائی پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آئے واقعہ میں محکمہ برقی کے بعض ملازمین بھی زخمی ہوئے ۔ تقریباً ایک ہزار مقامی افراد محکمہ برقی کے دفتر کے سامنے احتجاج کررہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس نے بتایا کہ بعض غیر سماجی عناصر ہجوم میں شامل ہوگئے اور پتھراؤ کیا جس کے بعد فائرنگ کی گئی ۔بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں برقی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنے والے لوگوں پر پولیس کی فائرنگ سے محمد خورشید اور سونو ہلاک ہوگئے اور نیاز شدید زخمی ہیں ۔غریب عوام برقی کے نظام میں بہتری کا مطالبہ کریں تو ان پر گولی چلائیں گے ؟ اس طرح سماجی انصاف اور ’سیکولرازم ‘ حاصہ ہوگا ؟ ۔