نئی دہلی، 14 نومبر (یواین آئی) بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج کے درمیان کانگریس کے میڈیا سربراہ پون کھیرا نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر تنقید کی ہے ۔ جمعہ کی صبح بہار کے انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر کھیرا نے کہا کہ اب مقابلہ چیف الیکشن کمشنر اور بہار کے عوام کے درمیان ہے ۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ “بہار میں مقابلہ براہ راست الیکشن کمیشن اور بہار کے لوگوں کے درمیان ہے ۔ دیکھتے ہیں کون جیتتا ہے ۔ میں سیاسی پارٹیوں کی بات نہیں کر رہا ہوں، میں چیف الیکشن کمشنر اور بہار کے لوگوں کے درمیان براہ راست مقابلے کی بات کر رہا ہوں۔ یہ صرف ابتدائی رجحانات ہیں اور ہم تھوڑی دیر انتظار کر رہے ہیں۔ ابتدائی رجحانات بتا رہے ہیں کہ مسٹر کمار بہار کی عوام پر بھاری پڑ رہے ہیں۔ میں بہار کے لوگوں کو کم نہیں سمجھ سکتا کیونکہ انہوں نے ایس آئی آر کے باوجود ہمت کا مظاہرہ کیا ہے ، اب دیکھتے ہیں کہ آنے والے وقتوں میں مسٹر گیانیش کمار کتنے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔کانگریس پارٹی کی آئندہ حکمت عملیوں کے بارے میں کھیڑا نے کہا کہ مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔