بہار میں ایس آئی آر کا 97 فیصد کام مکمل:الیکشن کمیشن

   

نئی دہلی، 22 جولائی (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بہار میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) میں اب تک گنتی کا 97 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 7,16,04,102 ووٹروں کی گنتی کے فارم موصول ہوئے ہیں جو تقریباً 90 فیصد بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ 52,30,126 ووٹر اپنے پتے پر نہیں پائے گئے ہیں جو کہ 6.62 فیصد ہے ۔ تقریباً 26 لاکھ ووٹروں نے اپنے ووٹوں کو مستقل طور پر دوسرے حلقے میں منتقل کیا ہے جو کہ 3.29 فیصد ہے ۔انہوں نے کہا کہ گنتی میں 1866869 مردہ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں پائے گئے ہیں جن کی شرح 2.36 فیصد ہے ۔ الیکشن کمیشن نے یکم اگست 2025 کو شائع ہونے والی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں تمام اہل ووٹروں کو شامل کرنے کے لیے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ تمام 12 بڑی سیاسی جماعتوں کے ضلعی صدور کی طرف سے مقرر کیے گئے تقریباً ایک لاکھ بی ایل او، 4 لاکھ رضاکاروں اور 1.5 لاکھ افسران کی ٹیم مشترکہ طور پر اس کام میں مصروف ہے ۔24 جون کے ایس آئی آر آرڈر کے مطابق یکم اگست سے یکم ستمبر 2025 تک عوام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے ، حذف کرنے یا تصحیح کرنے کے لیے اعتراضات اور دعوے درج کرا سکیں گے ۔