بہار میں بجلی گرنے سے 15 افراد ہلاک26 ریاستوں میں بارش کی پیش قیاسی

   

پٹنہ: بہار میں گذشتہ ایک ہفتے سے ہو رہی بارش کے درمیان گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے سے 4 تا 5 جولائی کے درمیان ریاست کے الگ الگ اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 15 افراد کی موت ہوگئی۔ سب سے زیادہ ضلع روہتاس 5 افراد کی موت ہو ئی۔ کھگڑیا میں 1، کٹیہار میں 2، گیا میں 2، جہان آباد میں 2، کیمور میں 1، بکسر اور بھاگلپور میں 1۔1 کی موت ہوئی ہے۔ ۔بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آسمانی بجلی گرنے سے لوگوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو 4۔4 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا گرانٹ دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے کہا کہ خراب موسم میں گھر پر رہیں، محفوظ رہیں۔ دوسری طرف شمالی ہندوستان میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہو رہی ہے۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، پنجاب، ہریانہ، مشرقی راجستھان اور گجرات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے سکم، انڈمان اور نکوبار جزائر، بہار، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، آندھرا پردیش اور تمل ناڈو میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کیرالہ، مدھیہ مہاراشٹرا، تلنگانہ کے کچھ حصوں، ودربھ، کرناٹک اور مدھیہ پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ ہماچل پردیش میں اگلے 5 دنوں تک موسم خراب رہے گا۔
اتراکھنڈ میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ دہلی ‘ پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات کے کچھ حصوں، تلنگانہ، مغربی بنگال، اڈیشہ، انڈمان اور نکوبار جزائر اور مدھیہ مہاراشٹر میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے کیرالا کے بیشتر حصوں کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا جبکہ گوا کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔