جملہ تعداد 103ہوگئی ۔ مظفر پور کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی بچوں کے متاثر ہونے کی اطلاع
پٹنہ 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے مظفر پور اور اطراف کے علاقوں میں ہلاکت خیز دماغی بخار کے نتیجہ میں آج مزید 6 بچے فوت ہوگئے جس کے نتیج ہمیں اب تک اس جان لیوا بخار کی وجہ سے مرنے والے بچوں کی تعداد 103 ہوگئی ہے ۔ مظفرپور ضلع مجسٹریٹ نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ جملہ 85 بچے سری کرشنا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں اور 18 بچے کیجریوال میٹرنٹی کلینک میں فوت ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس بیماری کے نتیجہ میں بخاردماغ پر چڑھ جاتا ہے ۔ بخار 104 ڈگری تک پہونچ جاتا ہے ۔ سردرد شروع ہوجاتا ہے ‘ جھٹکے آتے ہیں اور فالج بھی ہوسکتا ہے ۔ اگر ان اشاروں کے ملنے کے اندرون چند گھنٹے علاج نہ کیا گیا تو 30 فیصد متاثرین موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ سری کرشنا میڈیکل کالج کے شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر گوپال شنکر ساہنی نے کہا کہ جاریہ سال یہ دماغی بخار انتہائی شدت کے ساتھ متاثر کر رہا ہے ۔ کئی بچوں میں اس کی علامات پائی جاتی ہیں اور شدید بخار کے باعث بچے فوت ہوتے ہیں۔ اس دواخانہ میں اموات کی دواخانہ کے سپرنٹنڈنٹ سنیل کمار ساہنی اور سیول سرجن ڈاکٹر ایس پی سنگھ نے توثیق کی ہے ۔ بچوں کی مسلسل اموات پر اپوزیشن کی تنقیدوں کا شکار چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان بچوں کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کریگی اور پرائمری ہیلت سنٹر سے منتقلی کے بھی تمام اخراجات ادا کریگی ۔ اطلاعات کے مطابق ریاست میں صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے کیونکہ ریاست کے دوسرے علاقوں سمستی پور اور ویشالی سے بھی بعض بچوں کے اس دماغی بخار سے متاثر ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ چمپارن میں بھی چھ بچے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار پہلے ہی متوفی بچوں کے لواحقین کیلئے فی کس چار لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کرچکے ہیں۔
