ہجوم نے مبینہ سارقین کو شدید مارپیٹ کی۔ چند افراد زیرحراست ۔ پولیس کا بیان
چھپرا (بہار) ۔ 19جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ضلع سرن میں ایک بھینس کی چوری کی مبینہ کوشش پر ہجوم نے آج تین افراد کو پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بھینس کی چوری کے الزام کی مہلوکین کے خاندانوں نے پرزور تردید کی ہے۔ پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ آج صبح بنیا پور پولیس اسٹیشن حدود میں پٹھاوری گاؤں کے نندلال کولا میں پیش آیا جب راجونٹ، بدیس نٹ اور نوشاد قریشی پر ہجوم نے ہلہ بول دیا اور ان پر کھونٹی سے بندھی بھینس کو چوری کرنے کی کوشش کا موردالزام ٹھہرایا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہرکشور رائے نے کہا کہ دو متاثرین برسرموقع دم توڑ گئے جبکہ دیگر ہاسپٹل کو لے جاتے ہوئے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دو تین افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے لیکن مزید تفصیلات کے افشاء سے انکار کیا۔ ڈپٹی ایس پی اجئے کمار سنگھ فوری گاؤں پہنچ گئے جہاں مبینہ حملوں آوروں اور مہلوکین کے ارکان خاندان کے درمیان لڑائی چھڑ گئی تھی۔ مہلوکین کے خاندانوں کا دعویٰ ہیکہ تینوں افراد رفع حاجت کیلئے گئے تھے کہ انہیں جھوٹا الزام لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اجئے کمار نے میڈیا والوں کو بتایا کہ وہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ ہجومی تشدد کے واقعات میں سے نہیں جو اکثر سننے میں آ رہے ہیں۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے گاؤں میں بھاری پولیس جمعیت تعینات کردی گئی ہے۔ دریں اثناء اسٹیٹ سی پی آئی سکریٹری ستیہ نارائن سنگھ نے پورے واقعہ کی عدالتی انکوائری کا مطالبہ کیا۔
