پٹنہ:بہار کے دورے پر پہنچے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے نوادہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بڑا بیان دیا ہے۔ وزیراعلی نتیش کمار اور جے ڈی یو کے قومی صدر للن سنگھ پر نشانہ سادھتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ اگر آپ دونوں کو لگتا ہے کہ آپ کو دوبارہ بی جے پی کی حمایت ملے گی تو یہ بھول جائیں، آپ کے لئے بی جے پی کے دروازے ہمیشہ کے لئے بند ہو چکے ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ میں بہار کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اب ہم نتیش کمار کے ساتھ اتحاد نہیں کرنے والے ہیں۔وہیں اس سے پہلے امت شاہ نے کہا کہ آج مجھے ساسارام جانا تھا، جہاں مجھے سمراٹ اشوک کے لئے منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کرنی تھی۔ لیکن ساسارام میں تشدد پھیل گیا ہے، وہاں ہنگامہ ہے، اس لتے میں نہیں جا سکا، میں جلد ہی ساسارام جاؤں گا۔ وہیں امت شاہ نے جے ڈی یو کے قومی صدر پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ میں ملک کا وزیر داخلہ ہوں، اس لئے مجھے پورے ملک کے ساتھ ساتھ بہار کی بھی فکر ہے۔